اردو ٹائمز (نیوز) ٹونٹی20کرکٹ کی مقبولیت اب ایسے ممالک بھی جاپہنچی ہے جہاں کرکٹ کیلئے زیادہ دلچسپی نہیں پائی جاتی۔ صرف یہی نہیں بلکہ ریٹائرڈ کرکٹرز جن کے دور میں ٹونٹی20کرکٹ متعارف نہیں ہوئی تھی وہ بھی اب اس کھیل سے لطف اندوزہوسکیں گے۔ ذرائع کے مطابق امریکہ میں ایک نجی تنظیم 23سے 25مئی کے دوران غیر سرکاری ٹونٹی20ٹورنامنٹ منعقد کروارہی ہے جس میں پاکستان کے سابق کپتان جاوید میانداد کے علاوہ بھارت کے محمد اظہرالدین اور ویسٹ انڈیز کے رچی رچرڈسن بھی ایکشن میں نظر آئیں گے۔ یہ ایونٹ کرکٹ کونسل یو ایس کے تحت ہورہا ہے جو امریکہ میں کرکٹ کی آفیشل گورننگ باری یونائیٹڈ اسٹیٹ آف امریکہ کرکٹ ایسوسی ایشن سے ملحق نہیں ہے۔ ایونٹ میں چار ٹیمیں حصہ لیں گی جبکہ شریک ہونے والے دیگر پاکستانی کھلاڑیوں میں محمد سمیع‘ فیصل اقبال‘ عمران فرحت اور عمران نذیر شامل ہیں۔