اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Sat, 16 Aug 2008 18:23:00

سفارت خانۂ ہند میں جشن یوم آزادی

بشکریہ: آواز

ہندوستان کی قومی تقاریب کے ضمن میں ملک کے مختلف گوشوں سے تعلق رکھنے والے تارکین وطن جب یکجا ہوتے ہیں تو سات سمندر پار پردیس میں بھی کثرت میں وحدت کا انمول مظاہرہ ہوجاتا ہے۔ ہندوستانی سفارتخانہ بھی کچھ ایسا ہی منظر پیش کررہا تھا، جہاں 62 واں جشن آزادی ہند منانے کے لئے ہندوستانی تارکین وطن بڑی تعداد میں جمع ہوئے تھے۔ جمعہ کی ہفتہ وار چھٹی کے باعث اس سال ہندوستانی تارکین وطن نے بڑی تعداد میں تقریب میں شرکت کی۔علاقہ واریت کو بھول کر ہندوستانی پرچم تلے موجود تارکین وطن میں روایتی کرتا پائجامہ ، شیروانی، جودھپوری سوٹ وغیرہ زیب تن کئے ہوئے تھے تو کچھ مخصوص علاقائی لباس جیسے مدراسی تہہ بند وغیرہ میں بھی دیکھے گئے۔ سفارتخانہ ہند سے وابستہ فوجی عہدیداروں نے اپنے یونیفارم کے ذریعہ رہی سہی کسر بھی پوری کردی۔ یوں لگ رہا تھا جیسے پورا ہندوستان یہاں موجود ہے۔ یوں محسوس ہوا جیسے وہ بہ نفس نفیس سرزمین ہند کے کئی مقامات پر بہ یک وقت موجود ہیں۔سفیر ہند عزت مآب ایم او ایچ فاروق نے  ہندوستان زندہ باد کے نعروں کے بیچ پرچم کشائی کی رسم انجام دی۔ سفیر ہند نے صدر جمہوریہ ہند شریمتی پریتبھا پاٹل کا پیام پڑھ کر سنایا ۔ بعدازاں سفارتخانہ کے گروائونڈ میں نصب کردہ شامیانوں میں مٹھائیوں کے ذریعہ مہمانوں کی ضیافت کی گئی۔ حالیہ اولمپک مقابلوں میںابھینو بندرا کے ذریعہ ملک کو پہلے انفرادی اولمپک میڈل کے حصول پر شاداں ہندوستانی تارکین وطن ایک دوسرے کو نہایت ہی گرمجوشانہ مبارکباد پیش کررہے تھے۔اسی شام انٹرنیشنل انڈین اسکول ریاض کے گرلز سیکشن میں سفیر محترم کی جانب سے ہندوستانی کمیونٹی کے نمائندہ و سرکردہ افراد کے لئے پر تکلف استقبالیہ ترتیب دیا گیا۔ اس موقع پر سفیر ہند جناب ایم او ایچ فاروق نے کیک کاٹا ۔ڈپٹی چیف آف مشن شری راجیو شہارے ، ہیڈ آف چانسلری مسٹر آر این واٹس، سکریٹری پریس و انفارمیشن مسٹر حفظ الرحمن اور دیگر سفارتی عہدیداروں نے مدعوئین کا خیر مقدم کیا اور فرداً فرداً شرکاء کو جشن آزادی ہند کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر ہندوستانی تارکین وطن کی مختلف ادبی، سماجی، تعلیمی و تہذیبی انجمنوں کے عہدیدار بڑی تعداد میں موجود تھے۔





  
     © 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of   Publications

sponsors: air purifier