اشاعت کے باوقار 30 سال

سونونگم کے اذان سے متعلق بیان کا بھانڈہ پھوٹ گیا

سونونگم کے اذان سے متعلق بیان کا بھانڈہ پھوٹ گیا

ممبئی: سونونگم کے پڑوس میں رہائش پذیر اداکارہ شرادھا داس نے گلوکار کے فجر کی اذان سے متعلق دیئے گئے بیان کا بھانڈہ پھوڑ دیا۔ گزشتہ دنوں سونونگم نے فجر کی اذان سے متعلق نازیبا ٹوئٹس کی تھیں جس کے بعد ایک نیا تنازعہ کھڑا ہو گیا تھا جب کہ بھارت میں مقیم مسلمانوں نے ان کے بیان پر تشویش کا اظہار کیا تھا لیکن انتہا پسندوں نے ان کے بیان کی حمایت کی تھی تاہم اب ایک بھارتی اداکارہ نے گلوکار کے بیان کا پردہ چاک کر دیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بالی ووڈ اداکارہ اور ماڈل گرل شرادھا داس گلوکار سونونگم کے پڑوس میں مقیم ہیں اور انہوں نے فیس بک پر سونونگم کے اذان سے متعلق دیئے گئے بیان پر اپنی ایک پوسٹ شیئر کی ہے جس میں ان کا کہنا تھا کہ میں سونو نگم کے بالکل پڑوس میں رہائش پذیر ہوں لیکن حیرت کی بات ہے کہ میں نے کبھی بھی بلند آواز میں صبح اذان کی آواز نہیں سنی بلکہ بہت ہی ہلکی آواز میں اذان کی آواز آتی ہے جسے سننابہت مشکل ہے۔ دوسری جانب اداکارہ نے کسی بھی تنازعے سے بچنے کے لیے اپنی پوسٹ کو ڈیلیٹ کر دیا ہے لیکن اداکارہ کی پوسٹ نے سونو نگم کے جھوٹ کا پول کھول دیا ہے جس سے ثابت ہوتا ہے کہ گلوکار نے سستی شہرت کے لیے نازیبا ٹوئٹس کی ہیں۔ واضح رہے کہ سونونگم نے گزشتہ دنوں اپنی ٹوئٹ میں کہا تھا اگرچہ وہ مسلمان نہیں لیکن پھر بھی انہیں اذان کی آواز سے صبح جاگنا پڑتا ہے اور پتہ نہیں بھارت میں یہ جبری مذہب پرستی کب ختم ہو گی۔

loading...