اشاعت کے باوقار 30 سال

آج کا دن تاریخ میں

جانوروں سے محبت کرنے والوں کے لئے محنت کا کام بلا تنخواہ

جانوروں سے محبت کرنے والوں کے لئے محنت کا کام بلا تنخواہ

سٹیفن اووربری نے 15 سال تک جاپان میں قیام کیا وہ اب پھر جاپان جانا چاہتے ہیں۔ اس لئے انہوں نے اونٹاریو میں سمتھ آبشار کے سامنے واقع اپنے انیمل فارم کے سلسلے میں ایک دلچسپ پیشکش کی ہے۔ وہ کسی ایسی پارٹی کو بلا قیمت یہ فارم اس شرط پر دینے کو تیار ہیں کہ وہاں موجود تمام جانوروں کا اچھی طرح خیال رکھا جائے۔ اور انہیں کسی قسم کی تکلیف نہ ہونے دی جائے۔ 62 سالہ اووربری اس فارم کو بیچنا اس لئے نہیں چاہتے کہ اس کے لئے انہیں پہلے ان جانوروں کو ٹھکانے لگانا ہو گا جن میں سے بعض بہت بوڑھے ہو گئے ہیں۔ کچھ روز پہلے اووربری نے آن لائن ایک اشتہار دیا تھا جس کا عنوان تھا محنت کا کام بلا تنخواہ۔ اس کے مطابق انہوں نے آبشار کے سامنے واقع اس تاریخی فارم کے مستقل استعمال کی پیشکش کی ہے جس میں 4 گودام ، پختہ ڈرائیو وے ، کچھ آلات اور ایک گاڑی موجود ہیں۔ خواہش مند پارٹی کو فارم چلانے کے لئے مفت تربیت کا انتظام بھی ہو سکتا ہے۔ اس کے ساتھ 1830 کا پتھر سے تعمیر شدہ خوبصورت گھر بھی ہے جو بڑی اچھی حالت میں ہے۔ اوور بری کا کہنا ہے کہ اگر انہیں ان کے معیار کے مطاق کوئی پارٹی نہ ملی تو وہ جاپان واپس جانے کا ارادہ ترک بھی کر سکتے ہیں ۔ لیکن انہیں امید ہے کے انہیں ان کے معیار کے مطابق کوئی نہ کوئی پارٹی مل جائے گی۔