اشاعت کے باوقار 30 سال

آج کا دن تاریخ میں

غیر ملکیوں کو پاکستانی شہریت نہیں دے سکتے

غیر ملکیوں کو پاکستانی شہریت نہیں دے سکتے

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کو پاکستانی شہریت نہیں دے سکتے اور غیر ملکیوں کو جاری ہونے والے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کو کلیئر قرار نہیں دیا جا سکتا۔ اس ملک کی حالت کیا ہو گی جس میں ہزاروں پاسپورٹ فروخت کئے گئے ہوں۔ ہم نے 30 ہزار 4 سو پاسپورٹ کو کینسل کیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران رکن قومی اسمبلی عبدالقہار خان کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ تین لاکھ چوبیس ہزار 597 کو بلاک کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دور کا میں ذمہ دار ہوں پہلے کیا ہوا اس کا میں ذمہ دار نہیں ہوں۔ 35 لاکھ افغانی پاکستان آئے اور انہوں نے شناختی کارڈ بنوا لئے۔ شناختی کارڈز بلاک کرنے کا قانون مجھ سے پہلے کا بنا ہوا ہے۔ اگر کسی کے خلاف کوئی ثبوت مل جاتا ہے تو اس کا شناختی کارڈ بلاک کر دیا جاتا ہے۔ جس کا شناختی کارڈ غلط بلاک ہوا ہے تو وہ عدالت جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملا منصور سمیت ایک لمبی فہرست ہے جس کو غلط طریقے سے شناختی کارڈ جاری کئے گئے ہیں اور ہم نے جن کو غلط شناختی کارڈ جاری ہوئے ہیں ان کو بلاک کر دیا ہے۔ میں سندھی، پنجابی، پختون اور بلوچی میں سے کسی کے ساتھ نا انصافی نہیں کر رہا سب کے ساتھ انصاف کرنے کی کوشش کی جاتی ہے۔ رکن قومی اسمبلی شمس النساء کے سوال کے جواب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے داخلہ ڈاکٹر افضل خان ڈھانڈالہ نے کہا کہ 4 لاکھ 25 ہزار 261 اسلحہ لائسنسوں میں سے 2 لاکھ 61 ہزار 845 لائسنسوں کی توثیق کی گئی ہے۔ وزارت داخلہ نے اپنے اسلحہ لائسنس 18 اکتوبر 2010ء سے کمپیوٹرائز کرنے کا فیصلہ کیا حتمی تاریخ 30 نومبر 2016ء مئی ہے۔ انہوں نے رکن اسمبلی پرویز مسعود بھٹی کے سوال کے جواب میں کہا کہ گزشتہ تین سالوں کے دوران اسلام آباد چڑیا گھر سے حاصل ہونے والی آمدنی 29.218 ملین ہے اور ان سالوں میں 71.362 ملین روپے خرچ کئے گئے ہیں اس وقت اسلام آباد چڑیا گھر میں 94 جانور اور 860 پرندے ہیں۔ انہوں نے جمشید دستی کے سوال کے جواب میں کہا کہ ملک میں نادرا دفاتر کے کام کے اوقات اسلام آباد میں سنگل شفٹ میں 8.30 سے لے کر 4:30 تک اور 8:00 تا 22:00 بجے تک ڈبل شفٹ ہے۔ باقی پشاور، کوئٹہ اور سکھر میں سنگل شفٹ نادرا آفس میں کام کیا جاتا ہے۔ انہوں نے رکن اسمبلی عبدالقہار خان کے سوال کے جواب میں کہا کہ پختونوں کے 2لاکھ 17ہزار شناختی کارڈز بلاک کئے گئے ہیں۔ ڈاکٹر افضل خان ڈانڈالہ نے رکن اسمبلی شازیہ ثوبیہ کے سوال کے جواب میں کہا کہ 2013ء جنوری سے لے کر آج تک پانچ کروڑ سات لاکھ 6 ہزار 76 شناختی کارڈ جاری کئے گئے جبکہ 42 ہزار 484 شناختی کارڈز کو بلاک کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ جو تنظیمیں نام بدل کر آ جاتی ہیں ان کو فورتھ شیڈول میں ڈال دیا گیا ہے۔ پارلیمانی سیکرٹری برائے منصوبہ بندی و ترقی ڈاکٹر عباد نے رکن اسمبلی کے سوال کے جواب میں کہا کہ اگر کوئی شخص 3030 روپے ماہانہ سے کم آمدن کما رہا ہے تو اس کو غریب کے طور پر گردانا جا سکتا ہے انہوں نے رکن اسمبلی کے سوال کے جواب میں کہا کہ سی پیک پر چھٹی مشترکہ تعاون کمیٹی جو کہ 29 دسمبر 2016ء کو بیجنگ چین میں منعقد ہوئی جس نے سی پیک کے جزو کے طور پر صوبائی ہیڈ کوارٹروں میں سیل پر مبنی ماس ٹرانزٹ سسٹمز کی شمولیت کے لئے پاکستانی تجویز پر اصول یطور پر اتفاق کیا ہے۔ ان میں کراچی سرکلر ریلوے، پشاور ریجن ماس ٹرانزٹ سسٹم، کوئٹہ ماس ٹرانزٹ سسٹم شامل ہیں۔