اشاعت کے باوقار 30 سال

آج کا دن تاریخ میں

جنوبی سوڈان میں پاکستانی انجینئر اغوا

بدین: افریقا کے ملک جنوبی سوڈان میں ایک پٹرولیم کمپنی میں ملازمت کرنے والے پاکستانی شہری ایاز حسین جمالی کے اغوا کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔ بدین کے رہائشی انجینئر ایاز حسین جمالی کے رشتے داروں نے دعوی کیا ہے کہ ایاز کو جنوبی سوڈان میں باغیوں نے اغوا کر لیا ہے۔ ایاز جمالی کے رشتے داروں نے مقامی صحافیوں کو بتایا کہ ایاز کا چھوٹا بھائی بابر جمالی بھی جنوبی سوڈان میں موجود ہے اور اس نے اہل خانہ کو مطلع کیا ہے کہ ایاز جمالی کو ایک ہفتے قبل اغوا کر لیا گیا ہے۔ ایاز جمالی کے اہل خانہ نے میڈیا کے توسط سے وزارت خارجہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اس معاملے کو جنوبی سوڈان میں موجود پاکستانی سفیر کے ساتھ اٹھائیں اور اس کی بازیابی کے لیے اقدامات کیے جائیں۔ اطلاعات کے مطابق اغوا ہونے والا پاکستانی انجینئر ڈار پٹرولیم آپریٹنگ کمپنی کا ملازم تھا تاہم اغوا کے واقعے کی پاکستانی حکام اور دفتر خارجہ کی جانب سے کوئی تصدیق نہیں ہوسکی۔ واضح رہے کہ جنوبی سوڈان میں ہی دو بھارتی انجینئرز کو بھی گزشتہ ہفتے باغیوں نے اغوا کرلیا تھا اور یہ دونوں انجینئرز بھی ڈار پٹرولیم کے ملازم تھے۔ا غوا کاروں نے بھارتی انجینئرز کی رہائی کے لیے 10 لاکھ ڈالرز تاوان کا مطالبہ کیا تھا تاہم جنوبی سوڈان کی حکومت نے تاوان ادا کرنے سے انکار کردیا تھا۔

Pakistani engineer kidnapped in South Sudan