اشاعت کے باوقار 30 سال

کیا تم مجھ سے شادی کرو گی

کیا تم مجھ سے شادی کرو گی

منیلا: اکثر لوگوں کی کوشش ہوتی ہے کہ اپنے محبوب کو شادی کیلئے ایسے طریقے سے پرپوز کیا جائے کہ اس کے لئے انکار کرنا ناممکن ہو جائے، اسی مقصد کے حصول کے لئے لوگ طرح طرح کے طریقے اپناتے ہیں لیکن فلپائن کے ایک عاشق نے اپنی محبوبہ کو 35 ہزار فٹ کی بلندی پر جہاز میں پرپوز کر کے سب لوگوں کو حیران کر دیا۔
سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو گردش کر رہی ہے جس میں ایک شخص کو جہاز میں اپنی محبوبہ کو پرپوز کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔ یہ پرواز سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض سے فلپائن کے دارالحکومت کے لئے جا رہی تھی کہ اس دوران فلپائن سے تعلق رکھنے والے شخص نے جہاز کے عملے کے ساتھ پلاننگ کی اور انہیں کارڈز اور دیگر چیزیں پکڑا کر کھڑا کر دیا۔
بعد ازاں عملے کا ایک شخص لڑکی اور اس آدمی کو پکڑ کر عملے کے لئے مخصوص جگہ پر لے آیا۔ وہاں عملے کے مرد اہل کار نے تھوڑی دیر ان دونوں کو کچھ ہدایات دیں اور لڑکی کا دھیان بھٹکایا ۔ اسی اثنا میں لڑکا ایک گھٹنے پر بیٹھ گیا اور اپنی محبوبہ کو انگوٹھی پیش کر دی جب کہ پاس ہی کھڑی ایئر ہوسٹسز نے ہاتھوں میں پکڑے ہوئے کارڈز ” کیا تم مجھ سے شادی کرو گی؟“ لہرا دیے۔
لڑکی نے جب یہ سب دیکھا تو اس کی آنکھوں میں آنسو بھر آئے اور کافی دیر تک تو اسے یقین ہی نہیں آیا اور بس آنسو ہی بہاتی رہی اور جب وہ اس شاک سے باہر نکلی تو اس نے بلا تاخیر ہاں کہہ دی۔ لڑکی کی ہاں کے بعد لڑکے نے اسے انگوٹھی پہنائی اور اسے اپنا شریکِ سفر منتخب کرلیا۔ اس موقع پر جہاز کے عملے نے خوب تالیاں بجائیں اور خوشی کا اظہار کیا ۔

loading...