اشاعت کے باوقار 30 سال

آج کا دن تاریخ میں

آٹھواں سیارہ دریافت ہوا

دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اور عوام کی فتح کے ساتھ ختم ہو گی

دہشت گردی کے خلاف جنگ ہماری اور عوام کی فتح کے ساتھ ختم ہو گی

سیہون شریف: وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ گزشتہ کئی برسوں سے ہم اندرونی و بیرونی دشمنوں سے لڑ رہے ہیں اور امن و خوشحالی کی منزل میں ہر قوم کو ظالمانہ قوتوں کی بربریت کا سامنا رہا ہے مگر یہ جنگ ہماری اور عوام کی فتح کے ساتھ ختم ہو گی۔ جمعہ کے روز وزیر اعظم محمد نواز شریف نے سیہون دھاکے میں زخمی ہونے والوں کی نوابشاہ کے پیپلز ہسپتال میں زخمیوں کی عیادت کی اور سہون میں دربار لال شہباز قلندر کا دورہ کیا جہاں پر ان کو چیف سیکرٹری سندھ نے دھماکے کے متعلق بریفنگ دی اور اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں قومی سلامتی کے وزیر ناصر جنجوعہ‘ وزیر داخلہ چوہدری نثار‘ وزیر خزانہ اسحاق ڈار‘ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ اور گورنر سندھ محمد زبیر بھی شریک تھے۔ اس موقع پر وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ ہم گزشتہ کئی برسوں سے اندرونی و بیرونی دشمنوں سے لڑ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شناخت کے لئے یہ جنگ لڑ رہے ہیں اور پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے دشمن عناصر کا پوری قوت سے قلع قمع کریں اور ملک کو دہشت گردی جیسی لعنت سے ہمیشہ کے لئے پاک کر دیں۔ ہماری یہ جنگ اعلیٰ اقدار کے تحفظ اور آنے والی نسلوں کو روشن مستقبل دینے کے لئے ہیں ور اس میں ہم ضرور کامیاب ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ہم متحد رہ کر ہی دشمن سے لڑ سکتے ہیں اور جن کی وجہ سے ہم متحد ہیں ملک کی وہ مثبت اقدار ہمیشہ زندہ رہیں گی۔