اشاعت کے باوقار 30 سال

آج کا دن تاریخ میں

جاپان کی سرکاری کرنسی ین

زمین کے محیط کے برابر پیدل سفر مکمل کرنے والا چل بسا

زمین کے محیط کے برابر پیدل سفر مکمل کرنے والا چل بسا

پچھلے ہفتے سسکا ٹون کے جارج لو ایوین 92 سال کی عمر میں چل بسے۔ مگر وفات سے قبل وہ اپنی ایک خواہش پورا کرنے میں کامیاب ہو گئے تھے یعنی انہوں نے زمین کے محیط کے برابر ، 40,000 کلو میٹر ، فاصلہ پیدل چل کے طے کر لیا تھا۔ لو ایوین اپنا دوپہر کا کھانا اپنے بیگ میں رکھتے اور اپنے کام کو چل پڑتے۔ وہ روزانہ دریا کے کنارے کنارے 6 گھنٹے میں 25 میل فاصلہ پیدل طے کرتے۔ اپنے قدموں اور فاصلے کا حساب رکھنے کے لئے وہ ایک پیڈو میٹر استعمال کرتے اور پھر اسے ایک رجسٹر میں نوٹ کر لیتے۔ اس سال موسم گرما میں وہ اپنے ہدف سے صرف 30 کلو میٹر دور تھے جب ایک حادثے میں اپنے کولہے کی ہڈی تڑوا بیٹھے۔ ان کا آپریشن ہوا اور اس کے بعد انہوں نے اپنی بحالی کے لئے بہت کوشش کی۔ بیتھنی مانر کیئر ہوم ، جہاں ان کی رہائش تھی ، کی پارکنگ میں وہ آہستہ آہستہ چلنے کی مشق کرتے۔ انہیں یہ خوف بھی ہوتا تھا کہ گر نہ جائیں۔ بحالی کے بعد وہ پھر اپنے ہدف کو حاصل کرنے کے لئے سرگرم ہو گئے۔ اسی کیئر ہوم کی رہائشی کین ایپ ان کی خوشی کو یاد کرتی ہوئی کہتی ہیں کہ 25 نومبر کو وہ کچھ تھکے ہوئے لگ رہے تھے مگر خوشی ان کے چہرے سے ظاہر تھی۔ میرے دفتر میں آئے اور کہنے لگے میں نے اپنا ہدف مکمل کر لیا۔ کیئر ہوم کی سٹاف کی رکن ایستھر پٹکو ، جنہوں نے کیئر ہوم میں منعقدہ ایک تقریب میں انہیں ایک سرخ گلاب پیش کیا تھا ، نے بتایا کہ اپنا ہدف حاصل کر لینے کے بعد وہ بہت پر سکون ہو گئے تھے۔