اقتدار پر مزدور راج سے بحران زدہ پاکستان کا علاج ممکن ہے : امان اللہ خان
اقتدار پر مزدور راج سے بحران زدہ پاکستان کا علاج ممکن ہے : امان اللہ خان
اردو ٹائمز(نیوز) پی پی پی کے سرکردہ ممتاز بانی رہنما امان اللہ خان نے ورلڈ لیبر آرگنائزیشن کی بین الاقوامی یوم مزدور (یوم مئی) کے ایک اجلاس منعقدہ ولذوٹن گرین سے اپنے پر جوش خطاب میں کہا ہے کہ 18 فروری 2008 ءکے انتخابات کے مینڈیٹ کا تقاضہ تو یہ ہے کہ عظیم مزدور رہنما مرزا ابراہیم کا کوئی محنت کش مزدور شاگرد فوری طور پر جنرل ریٹائر ڈ مشرف کی بجائے پاکستان کا صدر بنے اور تمام اسمبلیوں میں بھی موروثی سیاسی وڈیروں، سرداروں، لیڈروں اور بد عنوان سرمایہ داروں کی بجائے مزدورں ، کسانوں اور محنت کشوں اور متوسط غریب ترقی پسند سوشلسٹ دانشورں اور نوجوانوں کے حقیقی جمہوریت دوست کو پارلیمنٹ میں اکثریت سے سیاسی نمائندگی، طاقت اور سیاسی بالا دستی کا مقام مل سکے تا کہ صدر بش کی عوام دشمن سامراجی پالیسیوں سے پاکستان کو نجات ملے اور پاکستان کی سیاست پر محنت کشوں ، غریب کسانوں اور غریب عوام کے سچے غیور ایمان دار نمائندوں کا قبضہ ہو سکے کیونکہ سیاست پر مزدور کسان راج اور محنت کشوں کے قبضہ کے ذریعے ہی 2008 ءکے بحران زدہ پاکستان میں بے روز گاری ، مہنگائی، دہشت گردی اور معاشی ظلم اور افلاس کا علاج ممکن ہے کیونکہ چہرے بدلنے سے سرمایہ دارانہ اور جاگیردارانہ نظام کا ظلم ختم نہیں ہو سکا۔ امان اللہ خان نے کہا کہ موجودہ نوزائیدہ جمہوری حکومت نے مزدور یونینوں اور طلباءیونینز پر مسلط پابندیاں ختم کر کے ایک عوامی انقلابی قدم اٹھایا ہے۔