ایریزونا کی گورنر ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سربراہ ہوں گی ، اوباما
براک اوباما نے ریاست ایریزونا کی گورنر کو ہوم لینڈ سیکیورٹی کی سربراہ منتخب کر لیا ، رابرٹ گیٹس کو عارضی طور پر برقرار رکھنے کاامکان
واشنگٹن(این این آئی) نومنتخب امریکی صدر براک
اوباما نے ریاست ایریزونا کی گورنر جینِٹ نیپولیٹانو کو ہوم لینڈ سیکیورٹی کی
سربراہی کیلیے منتخب کر لیا ہے جبکہ وزارت دفاع پر رابرٹ گیٹس کو عارضی طور پر
برقرار رکھنے کے قوی امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔امریکی اخبارات کے مطابق تبدیلی
کے نعرے پر ووٹ حاصل کرنے والے براک اوباما نے اب تک اپنی ٹیم کیلئے جتنے بھی
ناموں کا اعلان کیا ہے کہ وہ سابق ادوار میںاہم حکومتی عہدوں پر کام کر چکے ہیں۔اوباما
کی ٹیم میں وزیرصحت کیلئے ٹام ڈوشلے، وزیرخارجہ کیلئے سینیٹر ہیلری کلنٹن، وائٹ ہاؤس کے چیف آف اسٹاف کیلئے رئمایمانوئل
اور اٹارنی جنرل کے طور پر ایرک ہولڈر کو منتخب کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔نائن الیون
کے حملوں کے بعد قائم کی گئی ہوم لینڈ سکیورٹی کی سربراہی کیلئے سرحدی ریاست ایریزوناکی
خاتون گورنر جینِٹ نیپولیٹانو کا انتخاب کیا گیا ہے جبکہ دوجنگوں میں الجھے امریکا
کی نئی انتظامیہ میں موجودہ وزیر دفاع رابرٹ گیٹس کو کم ازکم چند ماہ تک عہدے پر
برقرار رہنے کیلیے قائل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔