|
اردو ٹائمز(نیوز) فضیلت الشیخ امام کعبہ صالح آل طالب نے کہا ہے کہ اسلام عالمگیر معاشرہ کے قیام کے لئے تمام انسانوں کی مکمل رہنمائی کرتا ہے۔ مسلمانوں کو اپنے تہذیبی ورثہ اور تمدنی اثاثے پر فخر کرنا چاہئے۔ دی کامن گراﺅنڈز کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر ذوالفقار علی سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دنیا کو درپیش مشکلات کا حل انصاف اور اخلاق پر مبنی نظام میں مضمر ہے‘ قرآن مجید ہر سمت میں ہماری رہنمائی کرتا ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان اپنے بہتر اخلاق اور کردار کے ذریعے بنی نوع انسان سے محبت اور رواداری کے رشتے استوار کریں اور دینی‘ عمرانی اور تکنیکی علوم پر دسترس حاصل کریں۔ ہمارے پاس وسائل کی کوئی کمی نہیں لیکن یہ وسائل ہمارے مسائل کے حل کے لئے اسی وقت معاون ہو سکتے ہیں جب ہم ان کا استعمال بطریق احسن کریں اور انہیں اللہ تعالیٰ کا احسان سمجھتے ہوئے ان کا تحفظ کریں۔ وسائل کے بہتر استعمال کیلئے علوم و فنون میں دسترس حاصل کرنا ضروری ہے۔ ہمیں بے جا تنقید سے گریز کرتے ہوئے مغرب اور ترقی یافتہ ممالک سے استفادہ کرنا چاہئے کیونکہ اسلام علم اور عمل کے میدان میں ہر ایک سے سیکھنے اور سمجھنے کی تلقین کرتا ہے۔ انہوں نے امریکہ کے مسلمانوں کی دین سے محبت کو مثالی قرار دیتے ہوئے ان پر زور دیا کہ وہ نہ صرف وہاں کے بسنے والے مسلمانوں کی مادی اور روحانی ترقی کے لئے کردار ادا کریں بلکہ امریکی معاشرت‘ سیاست اور رفاہی امور میں بھرپور حصہ لیں۔ انہوں نے تہذیبوں اور مذاہب کے درمیان مکالمے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہاکہ اس سے پرامن بقائے باہمی کو فروغ ملتا ہے۔ انہوں نے ”دی کامن گراﺅنڈز“ کے اہداف کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے ان کے لئے خصوصی دعا کی۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی کاظمی نے مکتہ المکرمہ میں قیام کے دوران مسجد الحرام کے رئیس الموذنین الشیخ علی احمد علی ملا سے بھی ان کی اقامت گاہ پر تفصیلی ملاقات کی۔ ان سے بین المذاہب معاملات پر گفتگو کرتے ہوئے الشیخ علی احمد علی ملا کو انہوں نے بین المذاہب مکالمے کیلئے کی جانے والی کوششوں اور پیشرفت سے آگاہ کیا۔ الشیخ علی احمد علی ملا نے بتایا کہ وہ گزشتہ کئی دہائیوں سے خانہ کعبہ کے رئیس موذن کے فرائض انجام دے رہے ہیں اور اس عظےم روحانی فریضے کی بجا آوری پر اللہ رب العزت کے شکر گزار ہیں۔ جب ہر رنگ و نسل کا انسان ان سے اظہار عقیدت و محبت کرتا ہے تو آنکھیں اشکبار اور دل اپنے رب کے احسانات سے لبریز ہو جاتا ہے۔ کاظمی نے الشیخ علی احمد علی ملا کی روحانی اور دینی خدمات پر انہیں امریکہ میں مقیم مسلمانوں کی جانب سے ہدیہ تبریک پیش کیا۔ رئیس الموذنین نے کہا کہ وہ تمام انسانوں کی فلاح و بقا کیلئے دعا گو ہیں اور بحیثیت مسلمان دنیا کو امن اور محبت کے گہوارے کے طور پر دکھانا چاہتے ہیں۔ ہمیں یہ فریضہ سونپا گیا ہے کہ ہم رحمت للعالمین کے پیغام امن اور محبت کو عام کریں ۔ انہوں نے ڈاکٹر کاظمی کو قرآن مجید کے ایک دلکش اور نادر نسخے سے بھی نوازا اور ان کے رفاہی اور علمی کام کی تعریف کرتے ہوئے خصوصی دعا کی۔ ڈاکٹر کاظمی نے ممتاز سعودی سکالر اور جسٹس الشیخ عبداللہ سلامہ سے بھی ملاقات کی اور انہیں امریکہ میں بسنے والے مسلمانوں کی علمی اور تحقیقی میدان میں ترقی سے آگاہ کیا۔ ڈاکٹر ذوالفقار علی کاظمی کے حجاز مقدس میں قیام کے دوران ان کی میزبانی ممتاز علمی اور روحانی شخصیت الشیخ قاری سیف اللہ مدنی نے کی۔ الشیخ قاری سیف اللہ مدنی سعودی عرب میں اپنے علمی اور رفاہی کامون خی وجہ سے انتہائی قدر و منزلت کی نگاہ سے دیکھے جاتے ہیں۔ قاری سیف اللہ مدنی ہر سال رمضان المبارک میں پاکستان کے تمام شہروں اور دور افتادہ علاقوں میں مستحقین کے لئے کئی ٹن کھجوروں کا تحفہ بھیجتے ہیں۔ الشیخ قاری سیف اللہ مدنی مکتہ المکرمہ میں اہم دینی اور تعلیمی ادارے کے موسس اور سربراہ ہیں اور رابطہ العالم الاسلامی مکتبہ المکرمہ کے تبلیغی امور میں مشاورت بھی کرتے ہیں۔
|
|