اردو ٹائمز کے ہردلعزیز کالم نگار مکرم مرزا انتقال کرگئے: انا للہ وانا الیہ راجعون
اردو ٹائمز کے ہردلعزیز کالم نگار مکرم مرزا انتقال کرگئے: انا للہ وانا الیہ راجعون
اردو ٹائمز(نیوز) اردو ٹائمز انتہائی دکھ اور افسوس کے ساتھ یہ خبر دے رہا ہے کہ اردو ٹائمز کے کالم سفرنامہ ”امریکہ خولیہ“ کے مصنف مکرم مرزا میری لینڈ ورجینیا میں یکم مئی 2008ءکو دل کا شدید دورہ پڑنے سے انتقال کرگئے (انا للہ وانا الیہ راجعون) دوسرے روز بعد از نماز جمعہ مرحوم کی نماز جنازہ اسلامک سنٹر آف بالٹی مور(ISB) میں پڑھائی گئی اور مقامی قبرستان میں سپردخاک کردیا گیا۔ مرحوم کی نماز جنازہ میں کثیر تعداد میں لوگ شامل تھے۔ مکرم مرزا نے جمعرات کو معمول کے مطابق دن گزارا۔ شام کے وقت انہیں دل کا شدید دورہ پڑا۔ حملہ اتنا شدید تھا کہ ایمبولینس آنے سے قبل ہی وہ جہان فانی سے رخصت ہوچکے تھے۔ مرحوم نے ایک بیٹی، ایک بیٹا اور بیوہ سوگوار چھوڑے ہیں۔ ادارہ اردو ٹائمز مکرم مرزا کے سوگواران سے اظہار ہمدردی کرتے ہوئے اس عظیم ، ناقابل تلافی نقصان اور صدمہ میں انہیں صبر کی تلقین کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت کیلئے دعاگو ہے۔ اردو ٹائمز کے قارئین سے بھی گزارش ہے کہ وہ اپنے کالم نگار کیلئے دعائے مغفرت کریں۔ مکرم مرزا 15 سال قبل امریکہ آئے تھے۔ انہوں نے زندگی کا بیشتر حصہ مڈل ایسٹ میں گزارا۔ وہ ایک طویل عرصے سے اردو ٹائمز سے منسلک تھے۔ وہ اردو ٹائمز کے پبلشر کی خواہش پر اپنی آپ بیتی سفرنامے کی صورت میں سلسلہ وار تحریر کررہے تھے۔ اب تک وہ اس سفرنامے ”امریکہ خولیہ“ کی 71 قسطیں لکھ چکے تھے۔ یکم مئی جمعرات کے دن بھی ادارے کو ”امریکہ خولیہ“کی قسط کا انتظار تھا مگر جمعرات کو قسط موصول نہیں ہوئی۔ دوسرے روز فون کرنے پر ادارے کو یہ افسوسناک اطلاع ملی کہ میری لینڈ ورجینیا میں انکی نماز جنازہ پڑھائی جا رہی تھی۔ یوں آپ بیتی کی شکل میں سفرنامہ لکھنے والا اپنے سفرنامہ میں امریکہ پہنچنے سے پہلے ہی دنیائے فانی کو چھوڑ گیا۔ ادارے کی کوشش ہے کہ اگر مرحوم نے ”امریکہ خولیہ“ کی مزید قسطیں لکھی ہوں تو اردو ٹائمز قارئین کیلئے پیش کریگا۔ اس دلچسپ اور مہم جو مسافر کے سفرنامے کا بیشتر قارئین کو بے چینی سے انتظار رہتا تھا۔ یوں ان کا سفرنامہ ادھورا مگر زندگی کا سفر پورا ہوگیا۔