اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News

 
Sun, 31 Aug 2008 03:24:00

بائیں ہاتھ کا کھیل

بائیں ہاتھ کا کھیل

وجاہت علی عباسی
پوری دنیا میں پانچ سے پندرہ فیصد لوگ لیفٹی ہیں یعنی باقی دنیا کی طرح وہ روزمرہ کے کاموں میں سیدھے ہاتھ کی جگہ اپنا الٹا ہاتھ استعمال کرتے ہیں اب آپ سوچیں گے یہ تو سب جانتے ہیں اس میں نیا کیا ہے تو اس میں نیا یہ ہے کہ لوگ صرف ہاتھوں سے ہی نہیں بلکہ پیروں اور آنکھوں سے بھی لیفٹی یا رائٹی ہوتے ہیں۔ یہ کالم پڑھنے کے بعد جب آپ اٹھ کر چلیں تو غور کیجئے گا کہ آپ اپنا سیدھا قدم پہلے اٹھاتے ہیں یا الٹا، اگر آپ لیفٹی ہیں تو پہلا قدم الٹے پاﺅں سے ہو گا اسی طرح آپ سے اگر کوئی ایک آنکھ بند کرنے کو کہے تو لیفٹی اپنے سیدھے ہاتھ کی آنکھ بند کر لیں گے اور رائٹی اپنے الٹے ہاتھ کی۔
زیادہ تر لیفٹی لڑکے ہوتے ہیں اب لڑکیوں کی تعداد لڑکوں سے 20 فیصد کم کیوں ہے اس کا جواب تو سائنس نہیں دے پائی لیکن ایک بچہ لیفٹی کیوں ہوتا ہے اس کا جواب کئی تھیوریز نے دینے کی کوشش کی ہے جیسے ایک تھیوری کے مطابق الٹرا ساﺅنڈ کئے جانے کے وقت دماغ میں شعائیں جانے کی وجہ سے ہر سو میں سے تین بچے لیفٹی ہوتے ہیں ایک اور تھیوری کے مطابق یہ فیملی کے جینز میں ہوتا ہے جیسے انگلینڈ کے شاہی خاندان کے کئی لوگ لیفٹی ہیں اسی لئے ماں باپ میں سے کسی ایک کے لیفٹی ہونے سے بچوں کے لیفٹی ہونے کے امکان 76 فیصد بڑھ جاتے ہیں۔ جڑواں بچوں میں بھی اگر ایک بچہ لیفٹی ہو تو دوسرے کے لیفٹی ہونے کے امکانات 76 فیصد ہو جاتے ہیں بہت سی تھیوریز موجود ہیں لیکن ابھی تک سائنس اس نتیجے پر نہیں پہنچی ہے کہ ان میں سے کون سی تھیوری صحیح ہے۔
سب لیفٹی لوگ سیدھا سوچتے ہیں جی ہاں کیا آپ جانتے ہیں کہ سیدھا ہاتھ استعمال کرنے والے لوگ دماغ سے الٹی طرف سے اور الٹا ہاتھ استعمال کرنے والے لوگ دماغ کے سیدھی طرف سے سوچتے ہیں صرف یہی نہیں بلکہ ان لوگوں کے سوچنے کا انداز بھی بالکل مختلف ہوتا ہے۔ ایک بڑے سے ڈرم میں بہت سی سفید بالیں ڈال دی گئیں اور ان میں ایک نیلی بال بھی، کئی چھوٹے بچوں سے اس ڈرم کے اندر باری باری نیلی بال ڈھونڈنے کو کہا گیا جتنے بھی رائٹی بچے تھے ایک ایک بال اٹھا کر نیلی بال کو ڈھونڈتے لیکن سارے لیفٹی بچے ایک ساتھ ساری بالوں کو بکھرا کر نیلی بال کو تلاش کرتے یعنی سیدھے ہاتھ اور الٹ ہاتھ والے لوگوں کے دماغ مختلف طرح معلومات کو استعمال کرتے ہیں۔
کچھ باتوں میں لیفٹی عام لوگوں سے بالکل مختلف ہوتے ہیں جیسے پانی کے نیچے سیدھے ہاتھ والوں سے زیادہ بہتر دیکھ سکتے ہیں ایک مشہور کتاب "Left hand Right hand" کے مطابق سکول سے نکلنے کے بعد لیفٹی اپنی کلاس کے باقی بچوں سے عموماً بیس فیصد زیادہ امیر ہوتے ہیں اسکی وجہ یہ بتائی جاتی ہے کہ لیفٹی دماغ کے جس طرف سے سوچتے ہیں وہ انہیں زیادہ تخلیق اور فنی سوچ دیتی ہے شاید اسی وجہ سے چاند پر جانے والے اپولو میں سے چار میں سے ایک سائنسدان لیفٹی تھا اس کے علاوہ مشہور زمانہ جدید انداز کا کمپیوٹر Macintosh ڈیزائن کرنے والے پانچ میں سے چار لوگ لیفٹی تھے۔
ایک حیرت انگیز بات یہ ہے کہ 1992کے امریکن صدر کے الیکشن میں کھڑے ہونے والے سارے امیدوار لیفٹی تھے۔ رونلڈ ریگن، جارج بش (سینئر) اور بل کلنٹن کو ملا کر آج تک امریکہ میں سات لیفٹی صدر گزرے ہیں اور یقیناً کچھ مہینوں میں آٹھواں صدر بھی لیفٹی ہی ہو گا کیونکہ ابامہ اور جان میکین بھی لیفٹی ہی ہیں۔ اوپر سے جس شخص کی امریکہ کو سب سے زیادہ تلاش ہے یعنی بن لادن وہ بھی لیفٹی ہی ہے۔ انگلینڈ کے پرنس چارلس بھی لیفٹی ہیں۔ آرٹسٹوں کی بات کی جائے تو مشہور زمانہ مونا لیزا بنانے والے لیونارڈو بھی الٹے ہاتھ سے تصویریں بناتے تھے۔ موسیقار جارج مائیکل، امریکہ کی مشہور ٹی وی میزبان اوپرائے‘ فلم اداکار ٹام کروز، انجلینا جولی اور بالی ووڈ کے شہنشاہ امیتابھ بچن اور انکے بیٹے ابھیشک بچن بھی لیفٹی ہیں۔ سائنس کی دنیا کا سب سے بڑا نام ایلبرٹ آئن سٹائن اور دنیا کے امیر ترین آدمی بل گیٹس بھی لیفٹی ہیں۔
جولیس سیزر لیفٹی تھے اور انہوں نے روم میں سیدھا ہاتھ ملانے کی روایت شروع کی تھی جسے آج پوری دنیا نے اپنا لیا ہے اس کی وجہ یہ تھی کہ وہ اپنے ہتھیار الٹے ہاتھ میں رکھتے تھے اور چاہتے تھے جس سے ملیں اس سے اپنا الٹا ہاتھ استعمال کئے بغیر ملیں۔ تاریخ کے سب سے مشہور لیفٹی جوڑا تھے نپولین اور انکی بیوی، نپولین چاہتے تھے کہ جب انکی فوج پریڈ کرے تو دشمن اور نپولین کے بیچ جو انکا ہاتھ ہے وہ اس میں ہتھیار پکڑیں وہ الٹے ہاتھ میں ہتھیار پکڑتے تھے اسی وجہ سے انہوں نے اپنی فوج کو الٹی طرف سے مارچ کرنے کا حکم دیا ہوا تھا۔ اسی روایت کی وجہ سے آج دنیا میں جہاں جہاں برٹش کالونی ہے وہاں سڑک کے الٹی طرف گاڑی چلائی جاتی ہے۔
کبھی خوشی کبھی غم یعنی لیفٹی کے لئے مسئلے بھی کافی ہیں۔ چین میں لیفٹی ہونے والے بچے کو بدقسمتی مانتے ہیں۔ دنیا میں کئی جگہوں پر الٹے ہاتھ استعمال کرنے والوں کو شیطان مانا جاتا ہے یہاں تک کہ کچھ ملکوں میں تو ان سے کوئی شادی بھی نہیں کرتا جہاں یہ مسئلے نہیں ہیں وہاں یہ مسئلہ ہے کہ زیادہ تر چیزیں سیدھے ہاتھ والوں کے حساب سے ہوتی ہیں یعنی قینچی سے لیکر بندوق، ویڈیو کیمرہ اور موسیقی کے ساز تک سب سیدھے ہاتھ سے استعمال کے لئے بنتے ہیں۔
بل گیٹس نے لیفٹی ہونے کے باوجود کمپیوٹر کا ماﺅس سیدھے ہاتھ والوں کے لئے بنایا ان سب ہی باتوں سے کئی لیفٹی بہت خفا ہیں اور چاہتے ہیں سب لیفٹی کچھ نہ کچھ اپنی برادری کے لئے ضرور کریں اسی کوشش میں آج پوری دنیا میں 13اگست کو لیفٹی کا عالمی دن منایا جاتا ہے باقی دنیا کے لیفٹی اپنی برادری کے لئے کیا کریں گے یہ تو ہم نہیں جانتے لیکن ہم انگلی کٹا کر شہیدوں میں شامل ضرور ہو جاتے ہیں یعنی لیفٹی ہو کر جو لیفٹیوں کی بات پوری دنیا کو بتانے کا فرض ہمیں پورا کرنا تھا وہ ہم نے یہ کالم لکھ کر کر دیا۔


 











 تازہ ترین

 اہم ترین

© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications


sponsors: custom lanyards | rubber bracelets | custom wristbands | air purifier