اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
قمر علی عباسی
امریکی انتظامیہ نے پاکستان کے صوبہ سندھ کے اس وزیر داخلہ کے بیان پر حیرت کا اظہار کیا ہے جو انہوں نے میرپور خاص میں ایک کمسن بچے کے آٹا چوری کرنے پر دیا ہے۔ وزیرداخلہ نے کہا اس معاملے کی تحقیقات کی جائیں گی اور اگر حالات وہی ہیں جو سامنے آئے ہیں تو لڑکے کو چھوڑ دیا جائے گا۔
سندھ کے شہر میرپور خاص میں محلہ ستار نگر کے رہائشی ایک کم عمر نوجوان گوردھن میگھواڑ کو آٹا چوری کرنے کے الزام میں گرفتار کرکے تشدد کا نشانہ بنایا گیا۔ ایک نجی ٹی وی چینل جیو نے اس خبر کو نشر کیا اور پولیس نے تمام رات تھانے میں بند رکھنے کے بعد رہا کردیا۔ گوردھن کی والدہ نے بتایا کہ ہمارے گھر میں تین ہفتے سے کھانا نہیں پکا تھا جس کے باعث اس کے بیٹے نے آٹا چوری کیا۔ ٹیلی ویژن اسکرین پر گوردھن کو بھی دکھایا جو بے حد خوفزدہ تھا۔
سندھ کے وزیرداخلہ نے اس معاملہ میں مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ اگر واقعی بھوک کی وجہ سے آٹا چوری کیا ہے تو لڑکے کو معاف کردیا جائے گا جس پر ذمہ دار اور سمجھدار لوگوں نے احتجاج کیا ہے۔ وزیرداخلہ کو اس پر اختیار نہیں جب جرم ہوتا ہے تو پولیس پکڑتی اور عدالت فیصلہ کرتی ہے اگر وزیرداخلہ پولیس اور عدالت کے معاملات نمٹانے لگے تو وہ لوگ کیا کریں گے؟
گوردھن کا جرم کوئی معمولی نہیں آٹا چوری کرنا سنگین واردات ہے۔ پاکستان میں ان دنوں آٹے کی قلت ہے۔ ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں لے جانے پر بھی گرفتاری اور سزا ہوتی ہے ایسے میں آٹا چوری کرنا قانون نافذ کرنے والے اداروں کو کھلا چیلنج ہے‘ یہ مانا کہ گوردھن کے گھر تین ہفتے سے کھانا نہیں پکا تو اس کا مطلب ہے وہ کھانا چوری کرے اور اپنی ماں کا پیٹ بھرے۔
بعض لوگوں کا خیال ہے کہ گوردھن کو ”این آر او“ کے تحت رعایت ملنی چاہیے لیکن ماہرین نے جب اسے غور سے پڑھا تو یہ صرف ان لوگوں پر لاگو ہوتا ہے جو ارب کھرب روپے کا ہیر پھیر کریں، بینکوں سے کروڑوں کا قرضہ لیکر ہضم کرلیں اور حکومت کو ٹیکس دینے کے بغیر چوری کرلیں۔ اس میں دو کلو آٹا چوری کرنے پر کوئی رعایت نہیں ہے۔
جب مشرقی پاکستان الگ ہوا تو پاکستان میں ماچس کی قلت ہوگئی۔ دنیا بھر سے ماچس درآمد کی گئی۔ چین نے پیش کش کی وہ ماچس پانچ نئے پیسے میں دے سکتا ہے درآمد برآمد کے ادارے نے انہیں جواب لکھا اپنی ماچس کی قیمت ایک روپیہ کردو کیونکہ اس سے کم قیمت پر ہم اصول کے تحت ماچس درآمد نہیں کر سکتے۔ چین نے جواب دیا ہم ایسا نہیں کر سکتے لہٰذا پاکستان کو مجبوراً فرانس سے ماچس منگوانی پڑی یہی حال گوردھن کے آٹا چوری کرنے کا ہے اسے اصولاً کوئی رعایت نہیں مل سکتی۔
گوردھن کو اس بات کی سزا بھی ملنی چاہیے کہ وہ اس بات سے بے خبر ہے کہ ابھی عدلیہ بحال نہیں ہوئی خاص طور سے جناب افتخار محمد چودھری پاکستان کے چیف جسٹس دوبارہ نہیں بنے ہیں۔ سترہویں ترمیم منسوخ نہیں ہوئی۔ یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ پرویزمشرف کا مواخذہ ہوگا کہ نہیں اور پاکستان کے نئے صدر جناب آصف زرداری کب بنیں گے۔ یہ بات ہر شخص جانتا ہے کہ موجودہ جمہوری حکومت پہلے انتظام ٹھیک کر دے پھر عوام کیلئے آٹے دال اور تیل کا انتظام کرے گی۔
پاکستان میں جمہوری حکومت کو آئے ابھی صرف چھ مہینے ہوئے ہیں اور ان کے سامنے پارلیمنٹ کی بالادستی قائم کرنے کا معاملہ ہے، جمہوریت کو مضبوط کرنے کا مسئلہ ہے اور ملک میں انصاف کا بول بالا کرنے کا فیصلہ ہے۔ عوام کو انتظار کرنا چاہیے بلکہ صبر کریں تو زیادہ بہتر ہے۔ سنا ہے اس کا پھل زیادہ میٹھا ہوتا ہے ان حالات میں کسی کو قانون اپنے ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں چاہے وہ گوردھن ہی کیوں نہ ہو۔
ایک بار پاکستان کے سابق سربراہ نیویارک آئے اور خواتین کی ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے فرمایا ان دنوں کسی عورت کو دوسرے ملک میں امیگریشن اور سہولیات حاصل کرنی ہوتی ہیں وہ بلادکار کا الزام لگا دیتی ہے۔ اس وقت خواتین نے برا جانا تھا لیکن پاکستان میں آج کل ایسا ہی ہو رہا ہے۔ ایک صاحب لاہور کی مارکیٹ میں گلے میں بورڈ لٹکائے کھڑے ہیں۔ ”خدا کیلئے میرا گردہ لے لو میں اور میرے گھر والے بھوکے ہیں“ حیدرآباد سندھ میں شازیہ اپنے معصوم بچوں کو لیے ایک سڑک پر آوازیں لگا رہی ہے میں اور میرے بچے بھوک سے مر رہے ہیں پیسے دے دو اور میرے بچے خرید لو“ شہر شہر گاﺅں گاﺅں سے خبریں آ رہی ہیں لوگ بھوک سے تنگ آ کر خودکشی کر رہے ہیں۔ اپنے اہل خانہ کو مار رہے ہیں۔ یہ سب لوگ بے صبرے ہیں ذرا سا انتظار کرلیں۔ ادھر عدلیہ بحال ہوئی، سترہویں ترمیم منسوخ ہوئی نئے صدر نے حلف لیا اور حکومت کے کارندے دوڑتے ہوئے گھر گھر آٹے کی بوریاں‘ گھی کے ٹین اور کپڑوں کے تھان پہنچانے لگیں گے۔
گوردھن نے آج دو کلو آٹا چرایا ہے کل دو کلو سونا چرا لے گا پھر پکڑا جائے گا جیل سے نکل کر لیڈر بن جائےگا۔ حکومت کر لےگا‘ اس لیے گر بہ کشتن روز اول یعنی پہلی ہی مرتبہ فتنے کو کچل دینا چاہیے۔
٭٭٭








  کھیل

 تازہ ترین

 اہم ترین

© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications


sponsors: air purifier