اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Thu, 28 Aug 2008 04:28:00

سو چوہے کھا کے

سو چوہے کھا کے

وجاہت علی عباسی

امیتابھ بچن پورے بالی ووڈ کو کئی سالوں سے بتا رہے ہیں کہ رشتے میں تو وہ ان نے باپ ہوتے ہیں لیکن ہر سیر کا سوا سیر ہوتا ہے یعنی آج یہ حق ان سے ایک بالی ووڈ کی اداکارہ نے چھین لیا ہے اب امیتابھ چاہ کر بھی ان کے باپ نہیں ہو سکتے اور وہ ہیں بچن خاندان کی بہو ایشوریا رائے بچن جن کے رشتے میں امیتابھ اب سسر ہوتے ہیں۔
امیتابھ نے اپنی زندگی میں کوئی غلطی نہیں کی۔ تعلیم‘ کیریئر‘ شادی ہر فیصلہ انکا صحیح تھا اس لئے اب ان کے حصے کی ساری غلطی ان کا بیٹا کرے گا۔ بیٹا یعنی فلم ریفیوجی سے اپنا کیریئر شروع کرنے والے ابھیشک کی فلم ریفیوجی ریلیز ہونے پر بہت شوق سے لوگ امیتابھ کے بیٹے کی ایکٹنگ دیکھنے تھیٹر گئے پہلے سین میں ابھیشک پریشان اور پھنسے پھنسے نظر آئے لوگوں نے سوچا اگلے سین میں شاید ایکٹنگ کرنا شروع کرے گا پھر سوچا شاید اس گانے کے بعد ایکٹنگ کرے۔ اسی سوچ میں فلم تین گھنٹے میں ختم ہوگئی لیکن ابھیشک کیلئے ان کی ریفیوجی پچھلے آٹھ سال سے چل رہی ہے یعنی آج تک لوگ انتظار کر رہے ہیں کہ اب کرے گا شاید ایکٹنگ۔
چھوڑنی تو ابھیشک کو چاہئے لیکن فی الحال ہم ان کی ایکٹنگ کو چھوڑ کر آگے بڑھتے ہیں اور بات کرتے ہیں ان کی شادی کی۔ شادی سے پہلے آتی ہے منگنی۔ ابھیشک کی منگیتر تھی کرشمہ کپور۔۔۔ ارے بھئی اتنے بڑے باپ کا بیٹا ہے ایک ہی لڑکی سے شادی اور منگنی۔ دونوں تھوڑی کرے گا اسی لئے ابھیشک نے 11 اکتوبر 2003ءکو کرشمہ کپور سے منگنی کرلی جب لوگوں نے انہیں بار بار احساس دلایا کہ فلمی ہیروئینوں کا چال چلن صحیح نہیں ہوتا اور انہوں نے یہ منگنی کیوں کی تو ابھیشک کو غصہ آ گیا اور انہوں نے لوگوں سے بدلہ لینے کی ٹھان لی اسی بدلے کی آگ میں انہوں نے ڈھونڈ کر وہ ہیروئن نکالی جس کے فلم انڈسٹری میں سب سے زیادہ قصے مشہور تھے۔ عمر میں پانچ سال بڑی ہونے کے باوجود اس سے شادی کرکے ابھیشک نے ایشوریا رائے کو عوام کے چہیتے امیتابھ کی بہو بنا کر عوام سے بدلہ لیا۔
ایشوریا رائے آج کل اپنے نئے خاندان یعنی بچن ”پریوار“ کے ساتھ امریکہ اور کینیڈا میں شوز کرنے آئی ہیں۔ بچن بیچارے جن خاتون کے آگے پیچھے بہو بہو کرتے اپنا کجرارے کروا رہے ہیں اس بہو نے انڈیا سے باہر رہ کر یعنی کافی لوگوں کا ممبئی میں دھوم مچا دے دھوم کیا ہوا ہے۔ جیسے لٹے پٹے ہیرو ویوک اوبرائے جنہوں نے ایشوریا رائے کے پیار میں پاگل ہو کر چار سال پہلے سلمان خان سے پریس کے سامنے بدتمیزی کردی تھی۔ آج ان کا پیار ابھیشک لے گئے ہیں اور ویوک بیچارے صرف پاگل رہ گئے ہیں۔ پچھلے مہینے ہر فلمی رسالے میں ان کا بیان ہے کہ اپنی محبت کھو جانے کی وجہ سے وہ بہت ٹوٹ چکے ہیں۔ صرف ایک ہی نہیں بلکہ اس پارو کے کئی دیوداس ہیں۔
سلمان خان جن کا ماننا ہے کہ ایشوریا رائے ان کی وجہ سے اتنی بڑی ہیروئن بنی ہیں کئی بار اس لئے سرخیوں میں آئے کیونکہ انہوں نے ایشوریا رائے کی بری طرح پٹائی کی جیسے ایشوریا رائے اپنا پہلا فلم فیئر ایوارڈ لینے آئی تو سلمان خان کی بدولت ان کے ہاتھ میں فریکچر تھا۔ سلمان خان کئی بار ایشوریا رائے کے گھر کے نیچے جا کر یا پھر ان کی فلم کے سیٹ پر دنگا کر دیتے ہیں اتنا سب ہو جانے کے بعد اس میں کوئی حیرت کی بات نہیں ہے کہ ایشوریا رائے نے ان سے کہہ دیا کہ ”ہم کسی اور کو دل دے چکے صنم۔“ اس دن سے آج تک سلمان کے دل میں ایش نامی پھانس چبھی ہوئی ہے۔
کچھ دن پہلے ایک پارٹی میں آمنے سامنے بیٹھے بالی ووڈ کے کنگ شاہ رخ خان کو سلمان خان شراب کے نشے میں دھت برا بھلا کہہ رہے تھے اپنی سمجھ میں وہ مذاق کررہے تھے لیکن اس مذاق میں شاہ رخ خان پہ مستقل طنز اور تنقید تھی۔ شاہ رخ خان کچھ سال پہلے تک ایک عام انسان تھے۔ کافی دیر تک تو شاہ رخ اپنے اسٹار کے جامے میں رہے پھر وہ کھڑے ہوئے اسٹار کو اتار کر سائیڈ میں رکھا اور اپنے اندر کے عام آدمی کو باہر نکال لیا اور سلمان کا عشق۔ کمینہ کردیا۔ یعنی ایشوریا رائے جو سلمان خان کی دکھتی رگ ہیں ان کے بارے میں ایک ایسی بات بولی جو سن کر سلمان سنگھ ہو گئے۔ سنگھ از کنگ والے سنگھ نہیں بلکہ شعلے والے گبر سنگھ، سلمان شاہ رخ کو مارنے دوڑے لیکن لوگوں کے بیچ میں آ جانے کی وجہ سے شاہ رخ سلمان کے ہاتھوں ایشوریا رائے بننے سے بچ گئے۔
چار سے پانچ دن پہلے سلمان خان کو پھر خیال آیا کہ شاہ رخ خان نے ایشوریا کے خلاف کیسے کچھ بولا۔ اس لئے وہ شاہ رخ کے گھر کے باہر گئے۔ ”نکلو باہر۔ دیکھ لوں گا۔“ والی دھمکی دینے۔ شاہ رخ گھر پر نہیں تھے اس لئے سلمان پھر آﺅں گا کہہ کر چلے گئے۔ غصے میں گاڑی چلاتے سلمان کی گاڑی جس سڑک سے گزر رہی تھی وہیں کہیں کونے میں اپنے گھر کی کھڑکی میں ویوک لٹکے ”کہاں کھو گیا میرا پیار“ ٹائپ گانے گا رہے تھے۔ ٹھیک اسی وقت سات سمندر پار ایشوریا رائے بچن کا ”من ڈولا رے ڈولا“ ہو رہا تھا یعنی وہ اپنے پریوار کے بیچ ہنس ہنس کر کھڑی تصویریں کھنچوا رہی تھیں۔

 

 









  کھیل

 تازہ ترین

 اہم ترین

© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications


sponsors: air purifier