اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Thu, 14 Aug 2008 11:59:00

14 اگست کے حوالے سے خصوصی تحریر.... قوم سے ایک سوال؟

14 اگست کے حوالے سے خصوصی تحریر.... قوم سے ایک سوال؟
(ملک سلیم اکبر)
امریکہ میں سب سے زیادہ اہمیت نیویارک کو حاصل ہے اور نیویارک میں پاکستانیوں کی سب سے زیادہ آبادی رکھنے والے علاقے کونی آئی لینڈ ایونیو کو ”لٹل پاکستان“ بھی کہا جاتا ہے۔ آج کا لٹل پاکستان بروکلین بلاشبہ مکی مسجد ہی کی برکتوں کی وجہ سے پھل پھول کر آباد ہوا ہے۔ مکی مسجد 1979ءسے قائم ہے جب 1980ءکی دہائی میں ہم نے مکی مسجد کے بالکل سامنے ایشین گروسری کھولی تھی تو ہمارے ذہن میں بھی یہی خیال تھا کہ لوگ دوردراز سے جب مکی مسجد میں نمازیں پڑھنے آئیں گے تو واپسی میں ہمارے سٹور سے بھی سودا سلف لیتے جائیں گے۔ آج بھی ہماری پاک یو ایس ٹریول مکی مسجد کے بالکل قریب ہی واقع ہے جہاں سے دوردراز سے پاکستانی مختلف ائرلائنز کی ٹکٹیں لیکر پاکستان جاتے ہیں۔ یہی سوچ رکھتے ہوئے یقیناً مکی مسجد کے گردونواح میں دوسرے پاکستانیوں نے بھی اپنی دکانیں کھولیں اور آج Mid Wood کا یہ علاقہ جو پہلے یہودیوں کا گڑھ سمجھا جاتا تھا، یہاں پاکستان کی تہذیب و ثقافت اور اپنے بالکل ہی علیحدہ تشخص کو نیویارک جیسے شہرِ بے وفا میں بھی اپنی روایتی شان و شوکت اور تہذیب و ثقافت کو Preserve رکھنے کا اعزاز بھی لٹل پاکستان میں بسنے والے پاکستانیوں کو حاصل ہے۔ کونی آئی لینڈ ایونیو ”لٹل پاکستان“ بروکلین میں آپ کو پاکستان اور پاکستانیت سے تعلق اور وابستگی رکھنے والی ہر ہر چیز ملے گی لیکن سب سے زیادہ اور سب سے بڑھ کر یہاں آپ کو پاکستانیوں میں بے پناہ محبت، شفقت اور پیار ملے گا۔ یہاں سب کا دکھ درد مشترک اور سانجھا ہے۔ بوڑھوں کو عزت و احترام، بچوں کو پیار و شفقت اور خواتین کو روایتی عزت و احترام کے ساتھ دیکھا جاتا ہے۔ یہاں سندھی، بلوچی، پٹھان، پنجابی اور تمام تر مذہبی فرقہ بندیوں سے بالاتر ہو کر ہمیشہ خالصتاً پاکستانی فضا برقرار رکھی گئی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم یہاں گزشتہ 19 سالوں سے یوم آزادی پاکستان کی مناسبت سے بروکلین میلہ انتہائی کامیابی سے منعقد کرتے ہیں۔ لوگ ہمیں لٹل پاکستان کے بانیوں میں بھی شمار کرتے ہیں۔ بروکلین میلے کو شروع کرنے میں بھی ہمارے اپنے قائم کردہ ٹیلیویژن یعنی ”پاکستانی ٹیلیویژن“ ہی کا ہاتھ تھا۔ ہم نے اپنے ٹیلیویژن پروگرام ”پاکستانی ٹیلیویژن“ کے ذریعے تمام تر تشہیری اخراجات اور کوریج کے انتظامات کئے۔ یوں ٹرائی اسٹیٹ ایریا میں رہنے والے پاکستانیوں کو ”انڈیا ڈے پریڈ“ کے بجائے اسی دن ہر سال بروکلین میلے کی صورت میں جشن آزادی پاکستان منانے کا موقع ملا جو آج بھی انتہائی کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ اس آنے والی اتوار یعنی 17 اگست کو کونی آئی لینڈ ایونیو بروکلین میں AVE-H اور نیوکرک ایونیو کے درمیان 19 واں بروکلین میلہ منعقد ہورہا ہے جس کا ہمیں چیئرمین چنا گیا ہے۔ ہماری آپ سب سے اپیل ہے کہ براہ کرم اپنے دوستوں اور اپنی فیملی کے ہمراہ زیادہ سے زیادہ تعداد میں شرکت کرکے بروکلین میلے کو کامیاب کریں اور یاد رکھیں کہ بروکلین میلے کی کامیابی ہی ہم سب پاکستانیوں کی کامیابی ہوگی کیونکہ جس قدر ہماری قوت بڑھے گی اسی قدر ہم اپنے مسائل کو امریکی کانگریس مینوں اور سنیٹروں سے حل کروانے میں کامیاب ہوں گے۔ ہمیں آپ 718-692-0707 پر دوپہر بارہ سے شام سات بجے تک اور پاک یو ایس ٹریول ایٹ g میل ڈاٹ کام پر ای میل کرکے بتائیں کہ کیا ہی اچھا ہو کہ ہم اپنے گروہی اختلافات کو بھلا کر اور اپنے ذاتی مفادات کو بالائے طاق رکھ کر دیار غیر میں صرف اور صرف پاکستان کے مفادات کو آگے بڑھانے کیلئے متحد ہوجائیں۔ یاد رکھیں اگر ہم پاکستانی اپنی Street Power کو Ballot Power میں تبدیل کردیں تو ہم امریکی ایوانوں میں اپنی پسند اور اپنی مرضی کی تبدیلی لانے کی قوت اور استطاعت حاصل کرسکتے ہیں۔ اگر ہم امریکہ میں رہتے ہوئے من حیث القوم متحد ہوجائیں تو ہم بلاشبہ تمام امریکی کانگریس مینوں اور سنیٹروں سے اپنے وطن پاکستان کیلئے خیرسگالی کے جذبات اور کلمات کہلوانے میں کامیاب ہوسکتے ہیں، شرط صرف اور صرف یہ ہے کہ ہم اس اصول پر قائم ہوجائیں کہ ”یہ نہ پوچھئے کہ پاکستان نے آپ کو کیا دیا، یہ بتائیے کہ آپ نے پاکستان کو کیا دیا؟“
دنیا کی واحد سپر پاور امریکہ میں رہ کر بھی ہم خود ہی اپنی جڑیں کھوکھلی کرنے میں مصروف ہیں۔ ہم تمام پاکستانی امریکنز کا فرض ہے کہ ہم یہاں آزادی تحریر، حریت فکر، آزادی ابلاغ اور آزادی تقریر کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک متحد، تعمیری اور مثبت و موثر آواز بن کر پاکستان کیلئے فائدہ مند ثابت ہوں۔ آج 14 اگست کے تاریخ ساز دن ہمیں اپنے وطن سے عہد کرنا ہوگا کہ ہم امریکہ میں علاقائی، گروہی، لسانی یا مذہبی گروہ بندیوں اور تعصب سے بالاتر ہو کر صرف اور صرف ایک پاکستان کی بات کریں گے۔ آئیے ہم سب مختلف تنظیموں کے عہدیدار تمام پاکستانیوں کے ساتھ مل کر یہ عہد کریں کہ ہم سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے اکٹھے اور متحد رہیں گے اور سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر ہم امریکہ میں پاکستان کے تحفظ اور استحکام کیلئے پاکستان کے حق میں لابنگ کریں گے۔
پاکستان زندہ باد، پاکستان پائندہ باد۔
٭٭٭








  کھیل

 تازہ ترین

 اہم ترین

© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications


sponsors: air purifier