اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Thu, 15 May 2008 09:07:00

ہلکی پھلکی بات

ہلکی پھلکی بات

ڈاکٹر شبیر احمد
صاحبو! شعر کسی استاد کا معلوم ہوتا ہے۔ وہ بھی غالب و ذوق اور ظفر کے دور کا۔ آپ جانتے ہوں کس کا ہے تو ازراہ کرم ہمارے علم میں اضافہ فرمائیں۔ ہمیں حق پہنچتا ہے کہ آپ سے پوچھ لیں۔ اس لئے کہ ہمیں امریکہ ہی سے نہیں دنیا بھر سے احباب ایسے سوال بڑے یقین سے کرلیتے ہیں۔ علم تو وہ لامتناہی سمندر ہے کہ نیوٹن جیسا سائنس دان کہہ گیا، میری مثال تو اس بچے کی سی ہے جس نے ساحل سمندر سے کچھ سیپیاں، کچھ گھونگھے چن لئے ہوں (ظاہر ہے نیوٹن نے یہاں علم کے سمندر کی مثال دی ہے) خیر! اب وہ شعر سنئے
نگاہِ خلق میں دنیا کی رونق بڑھتی جاتی ہے
مری نظروں میں پھیکا رنگ محفل ہوتا جاتا ہے
یہ بات تو ہوگی کوئی ڈیڑھ دو سو برس کی۔ آج کل تو نگاہِ خلق میں شاید دنیا کی رونق گھٹتی جاتی ہے۔ آپ نے دیکھا ہوگا کہ 2001ءکے بعد دنیا کچھ سونی، سہمی ہوتی جا رہی ہے۔ اس سنجیدہ ماحول میں جی چاہتا ہے چند دلچسپ ہلکی پھلکی باتیں آپ تک پہنچائی جائیں۔
.... ہمیں ہاتھی پر ترس آیا کرتا تھا کہ بے چارہ ٹک کر کھڑا نہیں ہوسکتا۔ اپنا وزن سہارنے کیلئے اسے بار بار دائیں بائیں آگے پیچھے ہلتے رہنا پڑتا ہے۔
.... لیکن آج معلوم ہوا کہ شارک واحد مچھلی ہے جسے زندہ رہنے کیلئے مستقل تیرتے رہنا پڑتا ہے ورنہ وہ سمندر کی تہہ میں بیٹھ جائے گی اور اٹھ نہ سکے گی۔
.... 1875ءکی بات ہے۔ امریکی پیٹنٹ آفس کے ڈائریکٹر نے استعفیٰ دیدیا، کہا ایجاد ہونے کیلئے اب کوئی چیز باقی نہیں بچی ہے۔
.... ذرا یہ تجربہ بھی کر ڈالئے۔ کسی شخص کو نیا پین دیجئے۔ 90 فیصد لوگ سب سے پہلے اپنا نام لکھیں گے۔
.... ہمارا ہم وطن غیرملک جاتا ہے۔ پہلی تنخواہ پاتے ہی روپوں میں اسکا حساب کرتا ہے۔
.... ایک سو برس پہلے امریکہ کے بڑے شہروں کی آبادی لاکھوں میں نہیں سینکڑوں یا ہزاروں میں ہوا کرتی تھی۔
.... ہلکے پھلکے برنارڈ شا لکڑی کے ڈائس پر کھڑے تقریر کررہے تھے۔ ڈائس ٹوٹا، برنارڈ شا گرے، فوراً کھڑے ہوئے اور کھسیانے ہوئے بغیر بولے، سامعین! آپ نے میرے دلائل کا وزن ملاحظہ فرمایا؟
.... ہالی وڈ کی ایک خوبصورت اداکارہ نے برنارڈ شا سے کہا ،ہم دونوں شادی کیوں نہ کرلیں۔ ہمارے بچے میری شکل اور آپ کی ذہانت لیکر پیدا ہوں گے۔ شا نے ترکی بہ ترکی جواب دیا، محترمہ! یہ بھی تو ہوسکتا ہے کہ وہ میری شکل اور آپ کی عقل لےکر پیدا ہوں۔
.... کیا آپ جانتے ہیں کہ پینگوئن واحد پرندہ ہے جو تیر تو سکتا ہے، اڑ نہیں سکتا؟
.... ٹائی ٹینک جہاز سات ملین ڈالر میں بنا تھا اور پھر اس پر جو فلم بنی اس پر 200 ملین ڈالر خرچ ہوئے۔
.... 2008ءمیں پانچ لاکھ بچے روزانہ پیدا ہورہے ہیں اور دو لاکھ انسان روزانہ ملک عدم کا سفر کررہے ہیں۔
.... صاحبو! ”دو گز زمین“ بات چیت میں، لکھنے پڑھنے میں، شاعری میں کتنی زیادہ استعمال ہوتی ہے۔ مدت ہوئی محمد رفیع نے بھی ایک عبرت ناک گانا گایا تھا
جائے گا جب یہاں سے کچھ بھی نہ پاس ہوگا
دو گز کفن کا ٹکڑا تیرا لباس ہوگا
کبھی کبھی فلموں میں بھی اچھی شاعری ہوجاتی ہے۔ گانے میں لفظ زمین کا استعمال تو نہیں ہوا لیکن بہادر شاہ ظفر کا شعر کسی نے نہیں سنا
اتنا ہے بد نصیب ظفر دفن کے لئے
دو گز زمین بھی نہ ملی کوئے یار میں
ایک اور خوبصورت سا شعر سنئیے
دو گز زمین مل ہی گئی اس غریب کو
مرنے کے بعد وہ بھی زمیندار ہوگیا
تو صاحبو! دو گز زمین کا ذکر تو موت اور قبر کے ساتھ آتا ہے۔ زندگی میں کیا حال ہے؟ یہ سن کر شاید آپ کو حیرت ہو۔ دنیا کی آبادی اتنی بڑھ چکی ہے کہ خشک زمین کو تمام انسانوں میں برابر برابر بانٹا جائے تو ہر ایک کے حصے میں 3 گز لمبی 3 گز چوڑی جگہ آئے گی۔
.... ٹی وی کا ناظرین پر کتنا اثر ہوتا ہے؟ 1931ءمیں امریکہ میں پوپائی (Popeye) کا کارٹون شروع ہوا تو ملک میں پالک کا استعمال ڈیڑھ گنا ہوگیا۔
.... خصوصاً نوجوان نسل میں ”Brand Names“ کا شوق کتنا بڑھ گیا ہے۔ اس وقت دنیا کے پانچ مقبول ترین برینڈ ہیں۔ کوکا کولا، مائیکرو سوفٹ، آئی بی ایم، جی ای اور نوکیا۔
آج کل ڈی این اے ٹیسٹنگ کا چرچا بڑھ گیا ہے۔ خدا کی قدرت ملاحظہ کیجئے۔ ڈی این اے کے ایک دھاگے پر اتنی معلومات ہوتی ہیں جنہیں سمیٹنے کیلئے ایک ہزار انسائیکلوپیڈیا بھی کافی نہ ہوں۔
.... کیا آپ کی کار کے ونڈ شیلڈ سے چڑیا ٹکرا کر شہید ہوئی ہے؟ غم نہ کیجئے۔ ہر سال ایک لاکھ چڑیاں بے چاریاں اس طرح جان سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں اور دس ہزار ایسی ہیں جو گھروں اور دفتروں کی کھڑکیوں سے ٹکرا کر مر جاتی ہیں
مجھے اے ناخدا روکے گا کیا تو غرق ہونے سے
کہ جن کو ڈوبنا ہو ڈوب جاتے ہیں سفینوں میں
.... دنیا کا سب سے زیادہ قاتل جانور نہ شیر ہے نہ چیتا نہ بھالو نہ شارک مچھلی، وہ ہے ننھا منا معصوم نظر آنے والا مچھر۔
.... ٹرکی پرندے کو ٹرکی کیوں کہتے ہیں؟ ایک زمانے میں غلطی سے سمجھا جاتا تھا کہ اس کی ابتدا ملک ترکی سے ہوئی تھی۔
.... انسانی بچہ پیدا ہوتا ہے تو پوچھا اور بتایا جاتا ہے کہ وہ کتنے پاﺅنڈ کا پیدا ہوا؟ بلیو وہیل کا بے بی ماشاءاللہ 50 ٹن کا ہوتا ہے۔
.... بعض چیزیں انسان بہت دیر سے سیکھتا ہے۔ جوتوں کے نمبر 6، 7، 8، 9 وغیرہ 1885ءکے برطانیہ میں شروع ہوئے۔ اس سے پہلے چھوٹا، بہت چھوٹا، درمیانہ اور بڑا سائز کہا جاتا تھا۔
.... آپ کے کافی کے کپ میں ایک ہزار کیمیائی اجزاءہوتے ہیں۔ نہ جانے کیوں 16 ویں اور 17 ویں صدی کے ترکی میں کافی پینے والے کیلئے موت کی سزا مقرر تھی۔
.... کیا آپ جانتے ہیں کہ دنیا میں ایک بہت بڑا خطہ زمین ایسا بھی ہے جس کی ملکیت کوئی ملک قبول نہیں کرتا، وہ ہے براعظم انٹارکٹیکا۔
.... 1952ءمیں البرٹ آئن سٹائن کو اسرائیل کی صدارت پیش کی گئی لیکن اس نے قلندرانہ شان سے انکار کردیا
نہ تخت و تاج میں نے لشکر و سپاہ میں ہے
جو بات مردِ قلندر کی بارگاہ میں ہے
ہمارے بہت سے بزرگ مریضوں نے دیکھا تھا کہ تاریخ کا سب سے بڑا سائنسدان سادگی میں کمال کو پہنچا ہوا تھا۔ معمولی سے کپڑوں میں ہر شام اپنے کتے کو ٹہلانے گلی میں نکل جاتا تھا۔
.... انگلینڈ کی عظیم ترین کہلائی جانیوالی ملکہ الزبتھ اوّل نے کبھی شادی نہ کی اور نہ رومانس۔ اس نڈر خاتون کو خوف آتاتھا تو صرف ایک چیز سے، وہ تھے گلاب کے پھول۔
.... جس شہر کی آبادی سب سے پہلے ایک ملین ہوئی وہ تھا 1811ءکا لندن۔ اب بتائیے کہ نگاہِ خلق میں دنیا کی رونق بڑھتی جاتی ہے یا گھٹتی جاتی ہے۔
فی امان اللہ!
٭٭٭

 










© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications
sponsors: air purifier