اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Thu, 01 May 2008 14:36:00

سلسلہ یہ چاہت کا نہ میں نے بجھنے دیا

سلسلہ یہ چاہت کا نہ میں نے بجھنے دیا

وجاہت علی عباسی
ایمسٹر ڈیم میں واقع ایک بجلی کی کمپنی کے عام سے ملازم کے ہاتھوں سے شروع ہوئی 1928ءمیں اولمپک گیمز میں مشعل جلانے کی روایت۔ایک دو اولمپک تو سب اچھا تھا مگر ہمارا مسئلہ شروع ہوا 1936ءکے جنوری میں ہونے والے اولمپک سے جس میں مشعل کو دوسرے ملکوں سے گھما گھما کر آخر میں اولمپک ہونے والے ملک لے جایا گیا اور پھر یہ مشق ہر بار اولمپک میں دہرائی جانے لگی۔ اب آپ پوچھیں گے کہ 1936ءمیں تو ہم ہی نہیں تھے، یعنی ابھی تو پاکستان بنا ہی نہیں تھا پھر یہ جرمنی والی مشعل سے ہمیں کیا مسئلہ ہے تو اس آسان سے سوال کا مشکل سا جواب یہ ہے کہ مسئلے کو سمجھنے کیلئے ہمیشہ اسے جڑ سے پکڑنا چاہئے۔ اب جڑ تو ہم نے پکڑ لی ، یعنی مشکل کا بغیر ویزے کے ملک ملک گھومنا۔ آئیے کالم میں آگے کا مسئلہ پکڑیں۔
امریکہ اور پاکستان دونوں بہت خطرناک ملک ہیں ۔ آج آدھا پاکستان سمجھتا ہے کہ امریکہ میں ہر آدمی آرمی یونیفارم پہنے دو بندوقیں سنبھالے امریکہ میں طالبان کو ڈھونڈ رہا ہے اور پورا امریکہ سمجھتا ہے کہ ہر آدمی اور مزید آس پاس کے ملک والے سب لوگ پاکستان میں کرتہ شلوار پہنے ، بم باندھے امریکن کو ڈھونڈ رہے ہیں۔ امریکہ میں اگر کسی چیونٹی پر بھی تشدد ہو جائے تو باقی دنیا کی شامت آجاتی ہے، یعنی امریکہ پر تو کافی توجہ ویسے ہی ہورہی ہے، کم سے کم ہم اس کالم میں امریکہ پر سے توجہ ہٹا کر صرف پاکستان پر رکھتے ہیں۔
ایک ذہین انسان، تنظیم یا ملک وہ ہوتا ہے جو موقع کو صحیح طرح استعمال کرنا جانتا ہو اور ہم یعنی پاکستان ذہین ملک ہے۔ دنیا کا سب سے بڑا اخبار واشنگٹن پوسٹ اور نیوز چینل سی این این روز امریکنوں کو پاکستان سے ایسے ڈراتا ہے جیسے فلم شعلے میں مائیں بچوں کو گبر سے ڈراتی ہیں۔ ہم گبر نہیں ہیں۔ بات کرنے کا موقع ملاہم کو اولمپک مشعل کے ذریعے وہ مشعل جو آخری بار 1964ءمیں لاہور سے گزری تھی اور اب 44سال بعد پاکستان کی طرف رخ کررہی تھی۔ یہی ہمارا موقع تھا اور یہی ہمارا مسئلہ۔
موقع ثابت کرنے کیلئے کہ ہم یعنی پاکستانی خطرناک نہیں ہیں اور مسئلہ یہ کہ موقع ہم کو تب ملا جب مشعل خود اپنے ساتھ خطرہ لے کر آ رہی تھی 1964ءکے بعد ہم سے کوئی تعلق نہ رکھنے والی مشعل کو ہماری یاد آئی جب تبتی انسانی حقوق کی تنظیموں نے یہ اعلان کیا کہ وہ مشعل کے خلاف احتجاج کریں گے اور ہرممکنہ کوشش کریں گے کہ اولمپک مشعل صحیح سلامت چین تک نہ پہنچ جاتے۔
اب ہم کشمیر حاصل کرنے کے لئے تبت میں جا کر تو مظاہرہ کر نہیں رہے جس کے بدلے ہم سے وہاں کے انسانی حقوق کی تنظیموں والے ایسے لیں لیکن ہر بار کی طرح بھی پاکستان پر وہی ”کرے کوئی اور بھرے کوئی ِاور“والا وقت یعنی تبت کا ہم نے کچھ نہیں بگاڑ ا مگر کسی اور کی غلطی پر اب تبت ہمارا بگاڑے گا ۔پچھلے ہفتے مشعل کے پاکستان پہنچنے سے پہلے ہی پیرس، لندن اور سان فرانسسکو میں مشعل کے خلاف مظاہرے اور ہنگامے اور اب سب نظریں ہم پر پاکستان کے بعد مشعل ہندوستان بھیجی جائے گی جہاں ٹنڈولکر، ثانیہ مرزا سے لے کر سوہا خان تک نے مشعل کو ہاتھ لگانے سے انکار کر دیا ہے لیکن ہاتھ لگانا تو بعد کی بات ہے پہلے مشعل پاکستان سے تو نکلے ہم پر یہ ثابت کرنے کا وقت آ گیا کہ پاکستان پیرس، انگلینڈ اور امریکہ سے بہتر سکیورٹی رکھنا جانتا ہے۔
مشعل اسلام آباد پہنچی ۔پاکستان سے مشعل کو صحیح طرح چین تک پہنچانے کے لئے اتنی سکیورٹی ملی جتنی شاید آج تک چینی صدر کو بھی نہ ملی ہو۔ تیاری کے مطابق مشعل کو اسلام آباد کی پارلیمنٹ بلڈنگ سے لیکر دو میل بھاگا جاتا لیکن عوام کے سامنے مشعل اٹھانے کے چکر میں کہیں پوری دنیا پاکستان پر انگلی نہ اٹھانے لگے اسی لئے آخری لمحوں میں انتظامیہ نے یہ فیصلہ کیا کہ پارلیمنٹ کے چکر کو چھوڑا جائے۔ مشعل کو جناح سٹیڈیم کے چکر دلا دئیے جائیں جہاں پاکستان کے ساٹھ مختلف کھیلوں سے تعلق رکھنے والے کھلاڑی بار بار مشعل کو تھامیں گے۔ جناح اسٹیڈیم میں موجود شائقین صرف Invitation پہ بلائے جائیں گے اور باقی لوگ براہ راست ٹی وی پر دیکھ پائیں گے۔ اتنی سکیورٹی کے بعد سٹیڈیم کے آس پاس کسی تبتی کا تو کیا پاکستانی کا بھی گزرنا ناممکن تھا ۔سب کچھ بہت ہی امن سے ہوا جھگڑے، ہنگامے، مظاہرے ہونا تو دور کی بات ہے انتظامیہ نے فیصلہ کیا کہ کسی بھی طرح کے احتجاج کا ذکر تک ٹی وی یا نیوز میں نہیں کیا جائے گا۔
مشعل نے دس دن پوری دنیا میں گھومنے کے بعدپاکستان میں پہلی بار کھلی ہوا میں بغیر کسی سے ڈرے سانس لیا ۔وہ پاکستان جس کے اوپر سے گزرتے ہوئے بھی آج باقی دنیا ڈرتی ہے وہ ملک جو تبت کے اتنے قریب ہونے کے باوجود ہر طرح کے مظاہرے سے صاف رہا اگلی بار مشعل کو پیرس، لندن یا امریکہ جانے سے زیادہ محفوظ جگہ پاکستان لگے گی۔ بدھ کی شام ہم نے مشعل کو صحیح سلامت انڈیا بھیج دیا اور پھر جمعرات کو پورا دن ہم نیوز ٹی وی چینل پر دیکھتے رہے کہ کیسے ہندوستان میں مشعل کے پہنچتے ہی مظاہرے شروع ہو ئے اور اذیت کے ساتھ بیچاری مشعل کو تیس کمانڈوز کے بیچ کچھ لمحوں کے لئے مارچ کروایا گیا۔


 









  کھیل

 تازہ ترین

 اہم ترین

© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications