اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
اور پھر بیاں اپنا ۔۔۔ قمر علی عباسی
امریکہ کے صاحبان اقتدار اور اختیار اس پر حیران ہیں۔ پاکستان میں نئی جمہوری حکومت عوام کے مسائل سے پشت کرکے بیٹھی پرانے معاملات کو درست کرنے کیلئے روز بیان جاری کرتی ہے۔ ان کی ترجیح وکیلوں کو بحال کرنا‘ پاکستان کے صدر کو استعفیٰ دینے پر مجبور کرنا اور سب کو برابر کی وزارتیں دینا ہے۔
ہم واقف ہیں ایسا ہی ہونا تھا۔ اس بات کی خوشی ہے برسراقتدار حکومت ججوں کو بحال کرے گی اور اسی دن سارے مسائل حل ہو جائیں گے۔ ممتاز راہنما شہباز شریف کا بیان ہے اگر عدلیہ بحال نہ ہوئی تو ملک میں نہ تعلیم ہوگی نہ امن و امان۔ انہوں نے تکلف سے کام لیا ہے اگر جج حضرات بحال نہ ہوئے تو ملک تباہی بربادی کے دہانے پر پہنچ جائے گا۔ اسے بچانے کیلئے پہلے عدلیہ بحال ہو۔ نئی جمہوری حکومت تمام پرانے نشانات مٹا رہی ہے۔ گزشتہ آٹھ سال میں جو ہوا وہ ایک ایک دن کا حساب لے گی اور یہ کام شروع ہو گیا ہے۔ ایک خوشی کی خبر یہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے انتخاب سے پہلے اعلان کیا تھا وہ لوگوں کو روزگار فراہم کریں گے۔ اس لئے مختلف صوبوں سے ہزاروں ملازمین کو نوکریوں سے نکالا جا رہا ہے یہ وہ لوگ ہیں جنہیں پچھلی حکومت نے روزگار دیا تھا ۔ ان لوگوں کو نکال کر نئے لوگ بھرتی کئے جائیں گے یوں پیپلز پارٹی اپنا وعدہ پورا کرے گی۔
اس وقت پاکستان کا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ محترمہ بے نظیر بھٹو کی موت کی تحقیقات اقوام متحدہ کرے اس سلسلے میں قومی اسمبلی میں ایک قرارداد بھی منظور ہوئی ہے۔ ظاہر ہے کہ اقوام متحدہ کیلئے یہ ایک بڑا اعزاز ہوگا کہ وہ ایک بین الاقوامی رہنما کی موت کی وجوہات کی معلومات کرے۔ اب تک جو بیانات آئے ہیں ان میں کہا گیا ہے کہ محترمہ کے حادثے میں غیر ملکی ہاتھ ہے۔ ہم بچپن سے سنتے آ رہے ہیں کہ ہمارے معاملات میں غیر ملکی ہاتھ ہوتا ہے۔ ایک زمانے میں پاکستان میں عید کے چاند کا مسئلہ ہوتا تھا اس کی وجہ سے کئی دن تک عید منائی جاتی تھی۔ اس کے بارے میں بھی لوگ یقین سے کہتے تھے کہ اس میں غیر ملکی ہاتھ ہے۔ ہم نے جب بھی چاند دیکھا اس میں کوئی ہاتھ نظر نہیں آیا۔ ہو سکتا یہ غیر ملکی ہاتھ مصنوعی چاند آسمان پر بھیج کر ہمیں پریشان کرتا ہو۔ ہم اقوام متحدہ سے پرزور اپیل کرتے ہیں کہ اس غیر ملکی ہاتھ کو اپنی تحقیقات سے بے نقاب کریں تاکہ ہم اسے اپنے ذاتی استعمال میں لا سکیں۔
پاکستان میں اس وقت کوئی مسئلہ نہیں ہے۔ لوگ کیونکہ جمہوریت پسند ہیں اس لئے توڑ پھوڑ جلاﺅ گھیراﺅ کے عادی ہیں۔ اگر بجلی کی کمی ہے تو لالٹین جلا لیں۔ موم بتیاں خرید لیں یوں بھی بجلی کی وجہ سے بل آتا ہے۔ ہمارا مشورہ ہے ہر شخص سورج غروب ہونے سے پہلے اپنے ضروری کام نمٹا لے اور پھر آرام کرے۔ اگر بجلی ہو تو اس کے آنے جانے کا مسئلہ رہتا ہے ہمارے شاعر نے کہا تھا....ع
رہا کھٹکا نہ چوری کا ‘ دعا دیتا ہوں راہزن کو
بجلی کی وجہ سے زندگی میں آسائشیں بڑھ جاتی ہیں۔ وہ زمانہ یاد کریں جب یہ زندگی میں داخل نہیں ہوئی تھی، سب اچھا اور پرسکون تھا۔
پاکستان میں مہنگائی ،بدامنی ،بے روزگاری ،بیماری ،بے یقینی گزشتہ آٹھ سال میں پیدا ہوئی ہے اس سے پہلے ہر شخص چین کی بنسری بجاتا پھرتا تھا لیکن آج سب کچھ بدل گیا ہے نئی جمہوری حکومت کو شروع سے سب کچھ ٹھیک کرنا ہوگا۔ آٹھ سال میں جو معاشی بحران اور حالات میں ابتری پیدا ہوئی ہے وہ ٹھیک کرنی ہوگی۔ اسی لئے نئی حکومت تمام پرانے پنڈورا بکس کھول رہی ہے۔
پاکستان میں ان دنوں جو کچھ ہوتا ہے اس کی ذمہ داری پرانی حکومت، نگران حکومت اور صدر پرویز مشرف پر ہے۔ کہیں کوئی تنکا گرتا ہے‘ ہوا کسی شاخ کو گراتی ہے توجہ فوراً ایوان صدر کی طرف ہوتی ہے۔
8 اپریل کو کراچی میں افسوسناک حادثہ ہوا۔ جمہوری حکومت کے ترجمان کا بیان آیا یہ ایوان صدر کی سازش تھی جو کچھ ہوا اس کی ساری ذمہ داری ملکی صدر پر ڈال دی گئی اور سب بری الذمہ ہو گئے۔
اللہ کا شکر ہے میڈیا کو مکمل آزادی دی جا رہی ہے اب وہ جو چاہے سو کرے کوئی روک ٹوک نہیں ہے۔ ان کو مراعات، سہولت اور رعایت دی جا رہی ہے۔ یہاں تک کہ پارلیمنٹ ہاﺅس تک میڈیا کیلئے مفت بس سروس چلائی جا رہی ہے یہ ایک بڑا کارنامہ ہے۔ میڈیا آزاد ہوگیا تو سمجھیں ملک میں بے روزگاری مہنگائی اور بیماری ختم ہوگئی۔
جب کسی بیماری کا علاج کرنا ہو تو سمجھدار ڈاکٹر علاج بنیاد سے شروع کرتا ہے۔ اگر کھانسی ہو تو بخار کا علاج شروع کردیتا ہے۔ سر میں درد ہو تو پیروں کا علاج کرتا ہے۔ کیونکہ انسان بیمار ہو تو اسے کچھ بھی ہو سکتا ہے۔ پاکستان میں کچھ ایسا ہی ہو رہا ہے نئی جمہوری حکومت امید سے زیادہ تیز کام کررہی ہے اور اسے سب کچھ ٹھیک کرنے کیلئے پانچ نہیں دس سال چاہئے۔ قوموں کی زندگی میں دس بیس سال کوئی حیثیت نہیں رکھتے۔ ایک بار کام شروع ہو جائے تو کبھی نہ کبھی تو مکمل ہو جاتا ہے۔
میٹھا پھل کھانے کیلئے میٹھا صبر ضروری ہے۔
پاکستان کی نئی جمہوری حکومت کمال کے کام کررہی ہے اور لگتا ہے تمام نظام، انتظام ،اہتمام درست ہوجائےگا، ایسی خوشحالی آئےگی کہ لوگ پرانے زمانے کو بھول کر نئے زمانے کی مثال دیں گے۔
افسوس نئی حکومت تیز مفید کام کررہی ہے۔ مخالفین کہتے ہیں کہ یہ حب جمہوریت میں نہیں بغض مشرف میں ہے۔ ایسے لوگوں کو سمجھانا ایک مشکل کام ہے۔









© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications
sponsors: air purifier