اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Thu, 24 Apr 2008 12:53:00

اپنے نئے وزیراعظم کے نام

اپنے نئے وزیراعظم کے نام
(منو بھائی)
میری طرح بہت سے لوگوں کو بہت اچھا لگا ہوگا کہ پاکستان کے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اپنے حالیہ دورہ¿ لاہور میں اپنے گھر جانے سے پہلے مکہ کالونی میں رمضان ویلڈر کے گھر پہنچ گئے جس کی بیوی بشریٰ نے چند روز پہلے اپنے دو کمسن بچوں سمیت ریل گاڑی کے سامنے لیٹ کر غربت اور ناداری کی اذیت سے نجات پائی تھی۔ وزیراعظم نے رمضان اور بشریٰ کے والدین اور دیگر پسماندگان سے تعزیت کرنے کے علاوہ مجموعی طور پر روزانہ ایک سو روپے کی محنت مزدوری کرنے والے اس گھرانے کو دو لاکھ روپے کی امداد بھی پیش کی جو کرائے کے گھر میں رہتا ہے اور جس کا روزانہ دال روٹی کا خرچہ بھی 80 روپے سے زیادہ ہے۔ وزیراعظم نے رمضان کی تین جوان بہنوں کی شادی سرکاری خرچ پر کرانے کا اعلان کیا جو کہ غربت کی وجہ سے رشتہ ازدواج میں پروئی نہیں جاسکتیں۔ وزیراعظم نے اس گھرانے کو رہائشی سہولت فراہم کرنے کا اعلان بھی فرمایا مگر وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے انسانی حقوق کی پاکستان کونسل کے حسین نقی کی وہ سروے رپورٹ ضرور پڑھی ہوگی جس میں بتایا گیا ہے کہ غربت اور ناداری کی اذیت سے نجات پانے کیلئے پاکستان میں ہر روز اوسطاً 96 لوگ خودکشی کرتے ہیں چنانچہ یہ سوچنا اور سمجھنا مشکل ہی نہیں ناممکن بھی ہوگا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی ہر روز پاکستان کے 96 گھرانوں میں اچانک پہنچ سکیں گے۔ وزیراعظم کو یقینی طور پر یہ بھی معلوم ہوگا کہ پاکستان میں صرف مکہ کالونی کے ویلڈر رمضان کی تین ایسی جوان بہنیں ہی نہیں کہ جن کا غربت کی وجہ سے رشتہ نہیں ہوسکتا، بلکہ پاکستان کی ہر آبادی کے ہر گلی محلے میں ایسے بدنصیب گھرانے موجود ہیں جن کی بچیاں غربت کے اندھیروں میں اپنے بال سفید کررہی ہیں۔ وزیراعظم اپنے صوابدیدی فنڈز سے ان تمام بچیوں کی شادیاں نہیں کروا سکیں گے۔ کرائے کے مکانوں، کھولیوں، کچی بستی کے گھروندوں اور جھونپڑیوں میں رہنے والے تمام لوگوں کو چھتوں اور چاردیواریوں کی سہولتیں بھی وزیراعظم کے صوابدیدی فنڈز سے فراہم نہیں کی جاسکیں گی اور پاکستان کے خانماں برباد بے گھروں کو گھر فراہم کرنے کے اخراجات اس کے علاوہ ہوں گے۔
بشریٰ اور اسکے بچوں کی اجتماعی خودکشی کی خبر پر تبصرے کرتے ہوئے پروفیسر مہدی حسن نے کہا تھا بشریٰ بی بی نے جلدبازی سے کام لیا ہے وہ اگر چند روز تک غربت اور ناداری کی اذیت اور اپنے بچوں کا بھوک سے بلکنا برداشت کرلیتی تو پاکستان کی سپریم کورٹ کے چیف جسٹس افتخار محمد چودھری اپنے عہدے پر بحال ہوتے ہی ملک اور قوم کے تمام مسائل حل کرسکتے تھے۔
میرے ایک عزیز نے وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی اس خداترسی کے مظاہرے پر تبصرہ کرتے ہوئے اندیشہ ظاہر کیا ہے کہ اس سے خودکشی کے رجحان کی حوصلہ افزائی ہوسکتی ہے اور خودکشی کرنے والوں کی تعداد میں خودکش حملہ آوروں اور دہشت گردی سے بھی زیادہ اضافہ ہوسکتا ہے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے بہتر کوئی نہیں جانتا ہوگا کہ بھوکوں کو مچھلی کی بھیک دینے سے کہیں بہتر اور قابل قدر یہ عمل ہوگا کہ ضرورتمندوں کو مچھلیاں شکار کرنا سکھایا جائے۔ اس سے وہ بھوک بھی مٹا سکیں گے اور اپنی عزتِ نفس سے بھی محروم نہیں ہوں گے۔ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی وزارت عظمیٰ سنبھالنے سے پہلے جس سیاسی جماعت کے وائس چیئرمین تھے، اس کے انتخابی منشور میں ”روٹی، کپڑا اور مکان“ کی فراہمی کے علاوہ لوگوں کو روزگار کے آبرومندانہ ذرائع فراہم کرنے کا وعدہ بھی کیا گیا ہے اور یہی وعدہ ان کی مخلوط حکومت کے دیگر حصہ داروں، پاکستان مسلم لیگ (ن)، عوامی نیشنل پارٹی، متحدہ مجلس عمل کے انتخابی منشوروں میں بھی عوام سے یہی وعدہ کیا گیا ہے۔
حکمرانوں اور بادشاہوں کیلئے یہ ضروری نہیں رہا کہ وہ ماضی کی داستانوں کی طرح اپنی رعایا کے حالات معلوم کرنے اور ان کے مسائل حل کرنے کیلئے بھیس بدل کر گھومیں پھریں۔ قوم اور ملک کے اصل، بنیادی اور حقیقی مسائل قوم کے بچے بچے کو معلوم ہوچکے ہیں اور پوری دنیا میں یہ واویلا سنائی دیتا ہے کہ پوری دنیا کو اکھاڑ پچھاڑ کر رکھ دینے والے انقلاب سے پہلے لوگوں کے اصل بنیادی اور حقیقی مسائل حل کرلئے جائیں تو بہت سی قومیں اجتماعی خودکشی سے بچ سکیں گی۔ ان اصل اور بنیادی مسائل میں سب سے بڑا مسئلہ بھوک، بیروزگاری اور غربت کا ہے جو کرہ¿ ارض کو تباہی کے کنارے پر لے آیا ہے۔ سوچنے کی بات ہے کہ بھوک، بیروزگاری اور غربت کا مسئلہ وہ لوگ حل نہیں کرسکیں گے کہ جنہوں نے بھوک، بیروزگاری اور غربت کے مسائل پیدا کئے ہیں۔ کچھ ایسی ہی سوچ کے تحت میر تقی میر نے کہا تھا کہ
امیر زادوں سے دلی کے مت ملا کر میر
کہ ہم غریب ہوئے ہیں انہی کی دولت سے
٭٭٭








  کھیل

 تازہ ترین

 اہم ترین

© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications


sponsors: air purifier