اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Thu, 06 Mar 2008 09:14:00

یہ طے ہوا ہے کہ....طے کچھ بھی نہیں ہے

یہ طے ہوا ہے کہ....طے کچھ بھی نہیں ہے
(سلیم اکبر)
عجیب سوچ و بچار میں گم ہے ہماری قوم بھی ۔ 18فروری کو الیکشن میں اپنا بے باک فیصلہ دینے کے بعد پاکستانی عوام اس خوش فہمی یا غلط فہمی میں مبتلا ہوگئے تھے کہ اب پاکستان میں آمریت کا خاتمہ اور جمہوری حکومت کا آغاز ہوگا الیکشن کے فوراً بعد پہلے دو تین دنوں میں تو ہمارے سیاستدانوں نے بھی خوب ”پھرتیاں“ دکھائیں۔ بھاگ بھاگ کر سیاسی مخالفین نے ایک دوسرے سے ملاقاتیں کیں اور تمام تر عداوتوں اور کدورتوں کے باوجود برسوں کے خون کے پیاسوں نے کیمروں کے سامنے ایک دوسرے کو گلے بھی لگایا۔ چوما چاٹا بھی اور ایک دوسرے کو خوب ”جپھیاں“ ڈال کر قوم سے وعدہ کیا کہ بس اب انتظار کی گھڑیاں ختم ہی سمجھی جائیں لیکن جوں جوں دن گزرتے گئے زرداری اور نوازشریف کی گردنیں غرور سے اکڑنے لگیں۔ ایوان صدر سے مشرف دہلوی بھی سازشوں میں تیزی دکھانے لگے۔ ہر اہم قومی معاملے پر ”مٹی پاﺅ“ یعنی چودھری شجاعت‘ مولانا ڈیزل‘ ایم کیو ایم اور تمام تر اسٹیبلشمنٹ تازہ دم ہو کر سیاسی اکھاڑ پچھاڑ میں مصروف دکھائی دینے لگے۔ ایسا لگتا ہے کہ الیکشن سے پہلے ہمارے سیاستدانوں میں جو محبت‘ جو رواداری اور فہام و تفہیم دیکھنے میں آ رہی تھی حکومت سازی کے عمل میں وہ سب خواب و خیال کی باتیں بن کر رہ گئی ہیں۔ امریکی اور یورپی سفیروں نے بھی ملاقاتیں کرکے ہمارے سیاستدانوں کے دماغوں میں بادشاہت اور شہنشاہت کے وہ خواب سمو دیئے ہیں کہ وہ ایک دوسرے کو نیچا دکھانے میں مصروف ہیں۔ ہر روز سیاست میں ایک نئی اکھاڑ پچھاڑ جاری ہے۔ سیاستدان زمین پر خدا بنے پاکستان کی عوام کی قسمتوں کے فیصلے اپنے اپنے مفادات کے مطابق کرنے میں مصروف ہیں۔ نوازشریف اور زرداری جوڑتوڑ میں مصروف ہیں۔ ممبران اسمبلیوں کو بڑی بڑی بولیاں لگا کر خریدا جا رہا ہے تاکہ انہیں اپنے کھونٹے سے باندھا جا سکے۔ زرداری اور نوازشریف ہر سیاستدان سے ملاقات کے بعد اعلان کرتے ہیں کہ ہمارے درمیان مکمل ذہنی ہم آہنگی پائی جا رہی ہے لیکن ابھی تک حکومت سازی میں مکمل طور پر ناکام اور نامراد ہیں۔ ابھی تک وزیراعظم اور کابینہ کے ناموں کا رسمی یا غیررسمی اعلان بھی نہیں ہو پا رہا۔ ایسا معلوم ہو رہا ہے کہ زرداری کو ایک ”حلالہ وزیراعظم“ کی ضرورت ہے جو زرداری کے حکم پر وزیراعظم کی کرسی کو طلاق....طلاق....طلاق....یعنی تین طلاقیں دیکر وزارت عظمیٰ کی دیوی زرداری کے پاﺅں کی جوتی بنا دیں لیکن ایسا کاٹھ کا الو ابھی تک زرداری کے قابو میں نہیں آ رہا کسی دوسرے جونیجو یا کسی دوسرے فاروق لغاری سے خود کو محفوظ رکھنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔ امین فہیم کو پرویزمشرف کی دوستی کی وجہ سے آگے نہیں بڑھایا جا رہا کہ اگر وزیراعظم بننے کے بعد امین فہیم کو پرویزمشرف نے ادھر ادھر کی پارٹیوں کو جمع کرکے بالکل ہی ”پکا اور مستقل“ والا وزیراعظم ہی رہنے پر آمادہ کردیا تو پھر زرداری کے ”حلالہ وزیراعظم“ والا خواب تو پورا ہی نہ ہو سکے گا۔ قوم حیران ہے کہ سیاستدان کس ذہنی ناپختگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں کہ ابھی تک حکومت سازی کے معاملات ہیں کہ طے ہی نہیں ہو پا رہے۔
ادھر بینظیر کی ہلاکت کے بعد جو خودکش حملوں کا سلسلہ بند ہوا تھا وہ اب پھر سے شروع ہو چکا ہے۔ وزیرستان‘ کوئٹہ جنازوں اور اب لاہور میں ہونے والے خودکش حملوں نے واضح کردیا ہے کہ یہ حملے TARGETTED حملے ہیں جو بہت ہی CALCULATED انداز سے ہو رہے ہیں جس کا مقصد آنے والے حکمرانوں کو یہ پیغام دینا ہے کہ مشرف دہلوی کے رہنے یا جانے سے کوئی فرق نہیں پڑے گا بلکہ آنے والے حکمرانوں کو خودکش حملے رکوانے کیلئے مشرف کی پالیسی ہی پر مکمل نظرثانی کرنی ہوگی جبکہ نگران وزیرداخلہ نے حالیہ حملوں میں بھارت‘ افغانستان اور امریکہ کے نام لیے ہیں جس پر امریکی سفیر نے سخت ترین احتجاج کیا ہے۔ سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا پاکستانی وزیرداخلہ اس قدر غیر ذمہ دارانہ بیان دے سکتے ہیں کہ جس کی تاریخ میں پہلی بار خود دفتر خارجہ نے تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان وزیرداخلہ کی ذاتی رائے ہو سکتا ہے۔ 718-692-0707 پرویز بارہ سے شام سات بجے تک فون کرکے یا پاک یو ایس ٹریول ایٹ g میل ڈاٹ کام پر ای میل کرکے ہمیں بتائیں کہ ان خودکش حملوں سے پاکستان کو DESTABILZED کرنے کا مقصد کہیں یہ تو نہیں ہے کہ پاکستان میں افراتفری‘ ہنگامے‘ بم دھماکے کرکے پاکستان کو DE-ATOMIZE کیا جائے؟ ہمیں یہ بھی بتائیے کہ مشرف دہلوی نے بھارتی جاسوس کی سزائے موت کیوں معاف کرکے انہیں اس عزت کے ساتھ رہا کیا ہے کہ آج تک کسی جاسوس کو اس عزت سے رہا نہیں کیا گیا جبکہ بھارتی جاسوس کے قبضے سے انتہائی حساس قسم کے جاسوسی آلات بھی ملے تھے۔ کیا بھارت بھی پاکستانی جاسوسوں کو رہا کرنے کا سگنل دے رہا ہے یا یہ سب روشن خیال مشرف دہلوی اپنی جنم بھومی ہی سے کر رہے ہیں؟
پاکستان زندہ باد‘ پاکستان پائندہ باد









© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications
sponsors: air purifier