اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Wed, 05 Mar 2008 06:22:00

میرا قیمتی ووٹ

میرا قیمتی ووٹ

وجاہت علی عباسی
سب کہتے ہیں کہ میں ایک عام انسان ہوں جسکا کوئی نام نہیں ہے میں اس بھیڑ کا حصہ ہوں جو پاکستان کا معاشرہ بناتی ہے۔ سڑکوں پر نظر آنے والے ہزاروں لاکھوں کے ہجوم میں سے ایک میں ہوں میرا کوئی بینک بیلنس نہیں ہے نہ ہی میرے پاس گاڑی یا بنگلہ ہے میری خواہشات کبھی بھی زندگی کی عام ضرورتوں کی چیزوں سے آگے نہیں بڑھ پائیں گھر کا کرایہ بجلی کا بل روزمرہ کی ضرورت کی چیزیں یہی میری ضرورتیں ہیں اور یہی میری خواہشیں ہیں۔
روز صبح اٹھتے ہی مجھے ایک جدوجہد سے بھرا دن سامنے کھڑا میرا انتظار کرتا نظر آتا ہے اور میں بستر سے اٹھ جاتا ہوں پھر سے بھیڑ کا حصہ بننے، میں اکیلا شاید اپنے گھر کی ضرورتیں بھی صحیح طرح پوری نہیں کر پاتا ہوں مگر پھر بھی دل کہیں نہ کہیں یہ تمنا ضرور کرتا ہے کہ میں بھی اپنی قوم کے لئے کچھ کر سکوں، میرے کام سے میں صرف اپنا گھر چلانے کی کوشش کر رہا ہوں ملک نہیں۔ یہ میں جانتا ہوں پھر بھی دل میں کئی بار یہ خیال آتا ہے کہ مجھے اپنا کام صحیح طرح کرنا ہے کیونکہ اس سے شاید میرے ملک کو فائدہ پہنچے۔
میں کسی بڑے باپ کا بیٹا نہیں ہوں نہ ہی میری شہر میں کوئی جان پہچان ہے میں جو کام کرتا ہوں جانتا ہوں اس سے آگے زندگی میں شاید کبھی نہیں بڑھ پاﺅں گا ۔یہ بھی جانتا ہوں کہ اگر مجھے موقع دیا جاتا تو میں اپنے ملک کے لئے بہت کچھ کر سکتا تھا۔ سنا ہے کئی ملکوں میں بچوں کو تعلیم مفت دی جاتی ہے آپ کی قابلیت کی بنا پر آپ کو آگے بڑھنے کا موقع دیا جاتا ہے ہر کسی کو محنت کا صحیح معاوضہ ملتا ہے آپ کا قصور نہ ہو اور نوکری چھوٹ جائے تو کئی مہینوں تک حکومت آپ کو پیسے دیتی ہے اگر آپ زیادہ نہیں کماتے تو حکومت آپ کے بچوں کا پورا خرچہ اٹھاتی ہے ایسا معاشرہ ان ملکوں نے کئی صدیاں لگا کر بنایا ہے پاکستان جس کو بنے صرف 60 سال ہوئے ہیں کیسے میں اس کا مقابلہ اس طرح کے ملکوں کے ساتھ کر کے پاکستان کو غلط کہہ دوں کیسے اپنے پاکستان کو دو جملے بول کر اپنی نظر میں چھوٹا کر دوں جس کو میرے آباﺅ اجداد نے اپنا خون پسینے کی طرح بہا کر حاصل کیا تھا۔
موسم سے زیادہ شہر کے حالات بدلتے ہیں۔ کئی بار ان دیکھے انجانے مسئلوں کی تکلیف مجھے اور میرے شہر کو برداشت کرنی پڑتی ہے ایک دم سڑکوں پر ہنگامہ شروع ہو جاتا ہے۔ بسیں چلتی ہیں پتھراﺅ ہوتا ہے لوگ زخمی ہوتے ہیں دکانوں اور پبلک پراپرٹی کو نقصان پہنچتا ہے اور پورا شہر بند ہو جاتا ہے میں کئی دن اس پریشانی میں گزارتا ہوں کہ اگر کام پر نہیں گیا تو چولہا کیسے جلے گا۔ میں اکثر ایسی بات کی سزا کاٹتا ہوں جس میں میرا کوئی قصور نہیں ہوتا۔
زندگی رینگ رہی ہے ہر چھوٹے سے چھوٹا کام کرنا میرے لئے مشکل ہے گھر میں فون لگوانا ہو شناختی کارڈ بنوانا ہو یا بینک میں اکاﺅنٹ کھلوانا ہو۔ سب چھوٹی چیزیں میرے لئے بڑا مسئلہ بن کر مجھے عام آدمی ہونے کا احساس دلاتی ہیں۔ سڑک پر پولیس والوں کا میرے اسکوٹر کو بار بار روک کر پوچھنا کہ کہاں جا رہے ہو اور اچھی طرح میری تلاشی لینا اور ہر بار مجھے بغیر کسی جرم کے جرمانہ بھرنے پر مجبور کرنا۔ یہ الجھی سی میری زندگی مجھے بہت آسانی سے ایک عام کمزور انسان ہونے کا احساس دلاتی ہے۔
میرے ملک کے خاص سیاستدان مجھ عام آدمی سے کہتے ہیں کہ میرا ایک ووٹ اتنا طاقتور ہے کہ پورے ملک کی قسمت بدل سکتا ہے وہ بار بار میرے سامنے پوسٹر ٹی وی ریڈیو اخبار کے ذریعے آتے ہیں اور کہتے ہیں کہ میں اپنا ووٹ ان کو دوں وہ میرے لئے چیزیں بہتر کر دیں گے ایسا ملک ایسا شہر بنائیں گے جس میں زندگی بہت اچھی ہو گی مجھے بہتر نوکری ملے گی، سڑکیں بہتر ہوں گی ٹریفک اور پولیس کا نظام بہتر ہو گا بجلی اور پانی کی مشکلیں آسان ہوں گی، ملک کا روشن مستقبل ہو گا لوگ ملک چھوڑنا خوشی کی بات نہیں سمجھیں گے بلکہ ملک میں رہ کر خوش رہیں گے۔ بھائی چارہ ہو گا سب ویسا ہو گا جیسا خواب پاکستان بنانے والوں نے دیکھا تھا۔
مجھ عام آدمی کو احساس ہوا کہ میرا ایک ووٹ کتنا قیمتی ہے میرے لئے میری قوم کے لئے بہت زیادہ غور کرنے کے بعد اور بہت امید کے ساتھ میں نے پچھلے ہفتے جا کر اپنا ووٹ اس سیاستدان کو دے دیا جس نے مجھے سب سے زیادہ امید دی ہے میرے ملک کو بہتر کر دینے کی، ایک عام آدمی اپنی زندگی کی ضرورتیں پوری کرتے کب پوری زندگی گزار دیتا ہے پتہ ہی نہیں چلتا شاید میں عام آدمی، ہزاروں کی بھیڑ میں سے ایک، اپنی قوم کے لئے اور کچھ بھی نہیں کر پاﺅں گا مگر میں نے اپنی سب سے قیمتی چیز میرا ووٹ اس بھروسے کے بدلے دے دیا کہ کل جب وہ سیاستدان میرے ملک کو ترقی یافتہ بنائے گا تو مجھے لگے گا کہیں نہ کہیں اس ترقی کا حصہ دار شاید میں بھی ہوں۔

 










© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications
sponsors: air purifier