تل ابیب(این این آئی) اسرائیلی وزیر اعظم ایہود اولمرٹ نے فلسطینی صدر محمود عباس کے اخباری اشتہار کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاہے کہ اسرائیل عرب ممالک سے امن مذاکرات کےلئے تیارہے۔ ایہود اولمرٹ کے دفتر سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم ایہود اولمرٹ نے محمود عباس کے اشتہار کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ اسرائیل عرب لیگ کے دوہزار دو امن منصوبے کے تحت تمام عرب ممالک سے امن مذاکرات کے لئے تیار ہے۔ عرب لیگ کے منصوبے کے مطابق اگر اسرائیل مقبوضہ فلسطینی علاقے خالی کرکے انیس سوسڑسٹھ کی سرحدوں پر واپس آجائے تو تمام عرب ممالک اسرائیل کو تسلیم کرلیں گے۔ فلسطینی صدر محمود عباس نے عبرانی زبان میں ایک اخباری اشتہار جاری کیا تھا جس میں عام اسرائیلیوں کو بتایا تھا کہ عرب لیگ کے امن منصوبو کو قبول کرنے سے اسرائیل کو کیا فائدہ ہوگا۔ دوسری جانب اسرائیل کی جانب سے غزہ کی ناکہ بندی جاری ہے اور اسرائیل نے اردن کو یقین دہانی کرائی ہے کہ حماس کی حکومت کو فوری ختم کرنے کا منصوبہ نہیں ہے۔