امرموسیٰ بھارت کا دورہ کریں گے ، تجارت و سرمایہ کاری میں اضافے پر مذاکرات متوقع
نئی دہلی (این این آئی)عرب لیگ کے سربراہ امر موسی30نومبر
سے بھارت کے چار روزہ دورے پر آ رہے ہیں، جس کےدوران توقع ہے کہ بھارت اور عالم
عرب کے تعلقات میں نئی جہت آئے گی۔ بھارتی حکومتی ذرائع نے بتایا ہے کہ اس موقع پر
دونوں فریق مختلف شعبوں میں تعاون کو بہتر کرنے کی غرض سے مکینزم وضع کریں گے۔ عرب
لیگ کے سیکریٹری جنرل دہلی میں اپنے قیام کے دوران وزیر اعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ،
وزیر خارجہ پرنب مکھرجی اور دیگر مرکزی وزرا سے ملاقات اور تبادلہ خیال کریں
گے۔حکومت کے ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں فریق خاص طور پر توانائی، تجارت اور سرمایہ
کاری کے شعبوں میں اقدامات کے امکانات تلاش کریں گے۔خیال کیا جاتا ہے کہ اِس دورے
کے نتیجے میں دونوں طرف سرمایہ کاری میں اضافہ ہوگا۔امرموسیٰ کے دورے کے موقع پر
بھارت اور عرب لیگ’عرب بھارت تعلقات فورم‘ کے قیام کے سلسلے میں ایک معاہدے پر
دستخط بھی کریں گے جو کہ ایک مشترکہ مکینزم کے طور پر کام کرے گا۔واضح رہے کہ اِس
موقع پر دو دسمبر سے دہلی میں عرب ثقافتی ہفتہ منایا جا رہا ہے۔