پولیو مہم24 تا 26 نومبر تک چلائی جائیگی ڈائریکٹرصحت
قومی انسداد پولیو مہم24 تا 26 نومبر تک چلائی جائیگی ‘محکمہ صحت نے ڈیڑھ کروڑ سے زائد بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے انتظامات کر لئے ہیں ‘ فیملی فزیشنز اور ماہرین امراض بچگان بھرپور تعاون کریں گے‘ڈائریکٹر جنرل صحت محمد اسلم چوہدری
لاہور(این این آئی ) پولیو کے مرض کے خاتمہ
کےلئے قومی سطح پر انسداد پولیو مہم 24 سے 26 نومبر 2008 ءچلائی جائے گی ۔ تین
روزہ مہم کے دوران صوبہ پنجاب میں 5 سال تک کی عمر کے ڈیڑھ کروڑ سے زائد بچوں کو
پولیو ڈراپس کے ساتھ وٹا من اے کی خوراک بھی دی جائے گی ۔ پاکستان اکیڈمی آف فیملی
فزیشنز اور پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن نے قومی پولیو مہم میں بھرپور کردار ادا
کرنے کا فیصلہ کیا ہے-یہ بات ڈائریکٹر جنرل صحت پنجاب ڈاکٹر محمد اسلم چوہدری نے
اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے بتائی- انہوں نے بتایا کہ انسداد پولیو مہم کے سلسلہ میں
پاکستان اکیڈمی آف فیملی فزیشنز کے صدر ڈاکٹر آفتاب اقبال شیخ اور پاکستان پیڈیاٹرک
ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منیر اختر سلیمی نے تمام ڈاکٹرز کو اینٹی پولیو
مہم میں بھرپور کردار ادا کرنے کی دعوت دیتے ہوئے خطوط ارسال کر دیئے ہیں-ڈائریکٹر
جنرل صحت نے مزید بتایا کہ وزیراعلی پنجاب کی ہدایت کے مطابق قومی پولیو مہم کو
بھرپور طریقہ پر منایا جائے گا جس کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں اور
38 ہزار موبائیل ٹیمیں تشکیل دینے کے علاوہ تمام ہسپتالوں‘ میڈیکل سینٹرز اور
ڈسپنسریوں پر بھی بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی سہولت دستیاب ہو گی- انہوں نے
کہا کہ بچوں کو قطرے پلانے والی موبائیل ٹیوں کی مانیٹرنگ کا بھی فول پروف بندوبست
کیا گیا ہے تاکہ صوبہ میں کوئی بچہ پولیو کے قطرے پینے سے محروم نہ رہے- انہوں نے
واضح کیا کہ اس سلسلہ میں سرکاری اہلکاروں کی طرف سے کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی
جائے گی- انہوں نے زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد خصوصا این جی اوز
کے نمائندوں‘ اساتذہ‘ علمائے کرام‘ والدین اور مقامی سیاسی و سماجی ورکرز پر زور دیا
کہ وہ پویو جیسی مہلک بیماری کے خاتمہ میں اپنا کردار قومی جذبہ سے ادا کریں تاکہ
قوم کے نونہالوں کو ساری عمر کی معذوری سے بچایا جا سکے-