نئی دہلی
(اردو ٹائمز) بالی وڈ میں اپنی پہچان بنانے والے ابھشیک بچپن نے اس بات کا اعتراف
کیا ہے کہ وہ اپنی بیوی اور سابقہ حسینہ اول ایشوریہ رائے کی دھنوں پر ناچتے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ یہ سچ ہے میں ایشوریہ سے بہت پیار کرتا ہوں اور اس کا ہر اشارہ
میرے لیے حکم کا درجہ رکھتا ہے۔ تاہم یہ ترتیب امیتابھ خاندان کے عالمی دورے
"ناقابل فراموش" کے لیے الٹی ہوجاتی ہے۔ کیونکہ جب ایشوریہ آرام کر رہی
ہوتی ہیں تو ابھشیک ڈانسر کے اشارے پر ناچ رہے ہوتے ہیں یعنی دورے کے لیے رقص کی پریکٹیس کر رہے ہوتے
ہیں۔ وہ جو تربیت پروفیشنل ڈانسرز سے حاصل کرتے ہیں بعد میں جا کر اپنی بیوی
ایشوریہ کو سکھاتے ہیں کہ رقص میں قدم سے قدم کیسے ملانا ہے اور کیسے ایک قدم کو
دوسرے قدم کے ساتھ اٹھانا ہے۔ اتنے دنوں کے پریکٹیس کے بعد ابھشیک کا کہنا ہے کہ وہ
اب "کجرارے" پرڈانس بخوبی کر سکتے ہیں اور قدم اٹھانے اور ملانے میں
ماہر ہو گئے ہیں۔ عالمی دورے "ناقابل فراموش" میں کجرارے کے علاوہ
ابھشیک اور مادھوری ایک ساتھ "ڈولارے ڈولارے" کے میوزک پر بھی اپنا رقص
پیش کریں گے جو شاہ رخ ، ایشوریہ اور مادھوری کی فلم "دیوداس" سے ہے۔ اس
رقص کے بارے مین ابھشیک کا کہنا ہے کہ وہ اس گانے کے بہت بڑے فین ہیں اور اس وقت
سے وہ اس گانے کے دلدارہ ہیں جب یہ اسٹوڈیو میں فلمایا جا رہا تھا۔ مادھوری کے
ساتھ پرفارمنس کے بارے میں ابھشیک کا کہنا ہے کہ مادھوری کے ساتھ مل کر گانے کے
تصور سے ہی سننی محسوس کر رہا ہوں۔ 18
جولائی کو "ناقابل فراموش" کا پہلا پڑاؤ ہو گا جس کا افتتاح ٹورنٹو سے
کیا جائے گا۔