اردو ٹائمز(نیوز) ممتاز اداکارہ صومی علی نے کہا ہے کہ فلمی صنعت میں کام کا تجربہ میرے لیے خوشگوار اور حوصلہ افزا ہے، اب جبکہ میری فنی زندگی کی پہلی فلم ”بھیگے ہونٹ“ کی ریلیز ماہ رواں میں شیڈول کردی گئی ہے، ماڈلنگ اور ٹی وی کی طرح فلمی دنیا میں بھی میرا خیر مقدم کیا جائے گا۔ اداکار شان کے ساتھ ان کی ڈائریکشن میں کام کا تجربہ بہت بھرپور ہے۔ صومی علی نے کہا کہ ہماری فلم انڈسٹری میں جدید طرز پرکام شروع ہوچکا ہے، ڈائریکٹر اور کہانی نویس ایسے معاشرتی موضوعات پر فلمیں بنانے کو ترجیح دیتے ہیں، جن میں فلم بینوں کی دلچسپی ہے، انہوں نے بتایا کہ اداکار شان بہ حیثیت ڈائریکٹر بھی بہت کامیاب اور پر اعتماد انداز میں سامنے آئے ہیں، ایسے حالات میں جب فلمی صنعت کے احیاء کی کوششیں کی جا رہی ہیں، بھیگے ہونٹ مثبت نتائج کی حامل فلم ثابت ہوگی۔ صومی علی نے بتایا کہ فلم میں ان پر تین گانے پکچرائزکیے گئے، اس طرح کام کا میرا پہلا اتفاق تھا لیکن یہ مرحلہ بھی بہت پرلطف رہا، کمرشلز اور ٹی وی میں کام کا بہت مختلف اور جداگانہ انداز ہے جبکہ فلمبندی کے الگ ہی ڈھنگ ہیں، میں ذاتی طور پر سمجھتی ہوں کہ فلمی اداکارہ کو زیادہ محنت اور توجہ سے کام کرنا پڑتا ہے، ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اگر فلمی مصروفیات میں اضافہ ہوا تو وہ کمرشلز اور ٹی وی میں کام کے سلسلے میں کوئی قطعی فیصلہ کر پائیں گی، فی الوقت تو اپنی پہلی فلم کی کامیابی کی خواہش مند ہوں، انہوں نے بتایا کہ مجھے اداکارہ سنگیتا نے بھی اپنی فلم آفرکی ہے مگر وہ علیل ہیں۔