اردو ٹائمز(نیوز) ویں کینز فلمی میلے کا بدھ کو آغاز ہوگیا جو 25 مئی تک جاری رہے گا۔ بالی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن اس معتبر فلمی میلے کی مستقل شرکاء میں شامل ہیں جبکہ ان کے شوہر ابھیشک بچن بھی اس موقع پر اپنی فلم ”دلی6“ کی پروموشن کے سلسلے میں موجود ہوں گے جبکہ فلم ڈائریکٹر راکیش اوم پرکاش مہرہ اور بالی وڈ کی خاتون اول دیپکا بھی میلے کو رونق بخشیں گی۔ میلے میں بھارت کی طرف سے آفیشل انٹری وجے آنند کی فلم ”گائیڈ“ کی ہوگی جس کا تعارف فلم کے ہیرو دیو آنند کرائیں گے۔ معلوم ہوا ہے کہ کینز فلمی میلے میں پریٹی زنٹا بھی موجود ہوں گی مگر بطور فلم اسٹار نہیں بلکہ وہ بطور برانڈ ایمبسیڈر آئیں گی۔ فیسٹیول کی انتظامیہ نے مختلف شعبوں میں ایوارڈ دینے کیلئے 45 سالہ آسکر ایوارڈ یافتہ اداکار اور ڈائریکٹر سین پین کی سربراہی میں جیوری کا اعلان کیا ہے۔ جیوری کے سربراہ سین پین ہی ہونگے جو ہالی وڈ میں ایک اہم مقام رکھتے ہیں۔ کینز فلم فیسٹیول کے سب سے بڑے ایوارڈ ”پام ڈی اور“ کا فیصلہ بھی سین پین کریں گے جبکہ دیگر ممبران ان کی معاونت کریں گے۔ بہترین فلموں کی کیٹگری میں 22 فلمیں شامل ہیں۔ بہترین فلم کا ایوارڈ جرمن ڈائریکٹر فتح اکلن دیں گے۔ علاوہ ازیں شارٹ فلموں کے مقابلے میں 17 فلمیں مدمقابل ہیں جبکہ تائیوان کے ڈائریکٹر ہوہسیو ہیسن بہترین شارٹ فلم منتخب کرنے کی جیوری کے سربراہ ہیں۔ رواں سال منتظمین نے اس فیسٹیول میں شامل ہونے والی 1792 فلموں میں سے 22 فلمیں منتخب کیں۔ فیسٹیول میں فلم ”ڈرٹی ہیری“ اور ”انڈیانا جونز“ کا رواں سال سرفہرست ہونے کا امکان ہے۔ کینز فلم فیسٹیول کے ڈائریکٹر کا کہنا ہے کہ اس فیسٹیول میں ہم نے مار دھاڑ ، ایکشن فلموں کو ہی فوکس نہیں کیا بلکہ تاریخی اور گلیمر سے وابستہ فلموں کو اہمیت کا حامل رکھا گیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ 60 سال سے جاری اس فیسٹیول کو اس سال بہت زیادہ مقبولیت حاصل ہونے کے ساتھ ساتھ شائقین کی بھرپور توجہ حاصل ہو رہی ہے۔ اس فیسٹیول کے ذریعے اب تک 1000 فلمیں دکھائی جاچکی ہیں جنہیں 30 ہزار لوگ دیکھ چکے ہیں۔ اس مقابلے میں ایشیا سے 3 ، یورپ سے 8 ، امریکا سے 9 کے علاوہ اسرائیل اور ترکی کی فلمیں شامل ہیں۔