|
اردو ٹائمز(نیوز) ویسے تو بالی ووڈ انڈسٹری میں فلمیں ہٹ بھی ہوتی ہیں اور بری طرح فلاپ بھی ہوتی ہیں لیکن کچھ فلمیں ایسی ہوتی ہیں جو شائقین کے دل میں اپنی جگہ بنالیتی ہیں اور وہ ہمیشہ اس فلم کو اور اس میں کام کرنے والے اداکاروں کو یاد رکھتے ہیں۔ ایسا ہی کچھ فلم شعلے کے ساتھ ہوا جو اپنے دور میں بے انتہا مشہور ہوئی اور آج بھی لوگوں کے دلوں میں یاد کے طور پر اپنی مہر چھاپ چکی ہے۔ بالی ووڈ کے ڈائریکٹر رام گوپال ورما نے فلم شعلے کا ریمیک بنا یا تھا لیکن انہوں نے اس فلم کا ٹائٹل” آگ “کے نام سے دیا تھا۔ رام گوپال ورما کی یہ ریمیک فلم انڈسٹری میں بری طرح فلاپ ہوئی اور شائقین نے اس فلم کو بالکل پسندنہیں کیا۔شائقین کے اس فلم کو ناپسند کرنے کے بعد بھی رام گوپال ورما پر کوئی اثر نہیں ہوا اور انہوں نے ایک بار پھر شعلے فلم کا ریمیک بنانے کی ٹھانی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شعلے فلم کے فلمسازرمیش سپی اس فلم کی ناکامی کے ذمے دار ہیں۔ رام گوپال ورما کا کہنا تھاکہ رمیش سپی نے اس فلم کو لے کر بہت سے مسائل کھڑے کئے جس کی وجہ سے فلم میں ردوبدل کرنا پڑا اور فلم بہتر نہ بن سکی۔رامو کا کہنا ہے کہ مجھے اپنے کا م پر پورا بھروسہ ہے اور میں پر عزم ہوں کہ میں رمیش سپی سے بہتر فلم بنا سکتا ہوں۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ رام گوپال ورما کہ یہ دعوے پورے ہوتے ہیں یا پھر فلم آگ کی طرح وہ اپنے ہاتھ دوبارہ جلوا بیٹھیں گے۔
|
|