اردو ٹائمز(نیوز) بر صغیر میں فلم سے دلچسپی رکھنے والوں کی نظریں چند جوڑوں کی متوقع شادیوں پر لگی ہوئی ہیں۔ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ شادیاں کافی پہلے ہو جانی چاہیے تھیں لیکن ہر بار کسی نہ کسی وجہ سے نہیں ہو پائیں۔ان جوڑوں میں آج کل سب سے زیادہ بحث کرینہ کپور اور سیف علی خان کی شادی کے بارے میں ہو رہی ہے۔ کیونکہ کچھ دن پہلے تک کرینہ کپور کہہ رہی تھی کہ ابھی وہ اور سیف ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے کی کوشش کر رہے ہیں ، وہ بہت مصروف ہیں اور شادی کی انھیں کوئی جلدی نہیں ہے۔ لیکن یکدم کرینہ نے قلابازی کھائی ہے اور کہا ہے کہ اپنی فلم ٹشن کی ریلیز کے بعد سیف علی سے شادی کر لیں گی۔ کرینہ یہ بتاتے ہوئے بہت خوش نظر آرہی تھی۔ کرینہ کپور نے یہ بھی کہا کہ فلم ٹشن اس کی زندگی میں ایک اہم سنگ میل ہے کیونکہ اس فلم کی شوٹنگ کے دوران ہی انھیں ایک دوسرے کو بہتر طور پر سمجھنے کا موقع ملا۔ اس لیے وہ اس فلم کو مزید یاد گار بنانے کیلئے اس کی ریلیز کے بعد فوراً شادی کر لیں گی۔