عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں گزشتہ ساڑھے تین سال کی کم ترین سطح 49 ڈالر فی بیرل سے بھی گر گئیں
لندن(این این آئی)عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں گزشتہ
ساڑھے تین سال کی کم ترین سطح 49 ڈالر فی بیرل سے بھی گر گئیں۔ توانائی کی طلب میں
کمی کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت میں کمی کا رجحان ہے اور لندن میں
جنوری کے لئے برینٹ نارتھ سی کروڈ کے سودے اڑتالیس ڈالر چون سینٹس فی بیرل میں طے
ہوئے۔ جو مئی دو ہزار پانچ کے بعد کی کم ترین سطح ہے لندن میں خام تیل کی قیمت میں
گزشتہ روز کے مقابلے میں تقریباً تین ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی جبکہ نیویارک میں
دسمبر کے لئے لائٹ سوئیٹ کروڈ کے سودے ایک ڈالر سڑسٹھ سینٹس کمی سے پچاس ڈالر بیس
سینٹس میں کئے جا رہے ہیں جو جنوری دو ہزار سات کے بعد کی کم ترین سطح ہے یاد رہے
جولائی دو ہزار آٹھ میں خام تیل کی قیمت ایک سو سینتالیس ڈالر فی بیرل ریکارڈ کی
گئی تھی۔