جاپان: تیل کے ذخائر کی تلاش کیلئے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا
جاپان: تیل کے ذخائر کی تلاش کیلئے اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا
اردو ٹائمز(نیوز) جاپان روس کے مشرق بعید میں واقع تیل کے ذخائر کی تلاش اور تیل کی صنعت کی ترقی سے متعلق متعدد منصوبوں میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا۔ اس سلسلہ میں جاپانی تیل و گیس اور میٹل نیشنل کارپوریشن کے اعلی حکام نے گذشتہ روز روس کے مشرق بعید کی خود مختار ریاست یاقوتیہ کے نائب وزیر برائے صنعت البرٹ کوندراتف سے ملاقات کی۔ جاپانی حکام نے روس کے مشرق بعید میں تیل و گیس کی صنعت کو ترقی دینے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر یاقوتیہ کے نائب وزیر نے کہا کہ مشرقی سائبیریا سے بحرالکاہل تک 2100 کلومیٹر طویل تیل پائپ لائن بچھانے کا کام اگلے سال کے آخر تک مکمل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ پائپ لائن کی تعمیر پر 11 ارب ڈالر کی لاگت آئے گی جبکہ پائپ لائن کے ذریعہ مشرقی سائبیریا سے بحرالکاہل کی بندرگاہوں تک 367.5 ملین بیرل تیل سالانہ سپلائی کیا جائے گا۔