اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Sun, 22 Jun 2008 09:54:00

قومی اسمبلی نے 2010 ارب روپے کا وفاقی بجٹ منظور کرلیا

قومی اسمبلی نے 2010 ارب روپے کا وفاقی بجٹ منظور کرلیا

اردو ٹائمز(نیوز) قومی اسمبلی نے مالی سال 2008-09ءکا 2010 ارب روپے کا وفاقی بجٹ، ججوں کی تعداد 29 کرنے اور 5 ترامیم کے ساتھ منظور کرلیا۔ اتوار کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر خزانہ سید نوید قمر نے مالیاتی بل 2008ءمیں بعض ترامیم فی الفور زیرغور لانے کی تحریک پیش کی جس کی کثرت رائے سے منظوری دی گئی۔ مسلم لیگ (ق) نے ججوں کی تعداد فنانس بل کے ذریعہ 16 سے 29 کرنے کے فیصلے پر رائے شماری میں حصہ نہ لیا۔ وزیر خزانہ نے ترامیم کی منظوری اور 7 ترامیم واپس لینے کے بعد مالیاتی بل 2008ءمنظوری کیلئے ایوان میں پیش کیا اور کثرت رائے سے نئے مالی سال کے بل کی منظوری دیدی گئی۔ اس سے قبل وزیر خزانہ سید نوید قمر نے ایوان کو بتایا کہ ایوان بالا کی طرف سے ملنے والی 76 میں سے 51 تجاویز کو مالیاتی بل کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ 15 کو مسترد اور باقی کا تعلق مالیاتی بل سے نہ ہونے کی وجہ سے انہیں شامل نہیں کیا گیا۔ نئے مالی سال کے دوران شرح نمو کا ہدف 5.5 رکھا گیا ہے۔ افراطِ زرکو 12 فیصد تک برقرار رکھنے کا ہدف طے کیا گیا ہے۔ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کیلئے 550 ارب روپے جبکہ پانی و بجلی کیلئے 66 ارب روپے مختص کئے گئے ہیں جو محدود وقت میں 22 میگاواٹ بجلی فراہم کرنے کیلئے استعمال میں لائے جائیں گے۔ فنانس بل کے ذریعہ ججوں کی تعداد 16 سے بڑھا کر 29 کرنے کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ یہ منظوری 3 نومبر 2007ءسے نافذ العمل ہو گی۔ مسلم لیگ (ن) کے رکن ایاز امیر نے ججوں کی تعداد فنانس بل کے ذریعہ بڑھانے کی مخالفت کرتے ہوئے اسے عدلیہ کے ساتھ مذاق قرار دیا جس پر وزیر خزانہ سید نوید قمر نے ایوان کو بتایا کہ ججوں کی تعداد بڑھا کر 29 کرنے کا مسودہ سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے تیار کیا ہے اور دونوں بڑی جماعتوں کی اعلیٰ قیادت کا اس پر اتفاق ہے۔ اس کے بعد اجلاس پیر کی صبح 10 بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔








© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications
sponsors: air purifier