اردو ٹائمز(نیوز) عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں 126.98 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئیں جبکہ برینٹ نارتھ سی کروڈ کے سودے گذشتہ روز 123.36 ڈالر فی بیرل میں طے پائے۔ عالمی آئل ڈیلروں کے مطابق تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافہ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی اور نائیجیریا میں تیل تنصیبات پر حملے بڑی وجوہات ہیں۔ آئل ڈیلرز کا یہ بھی کہنا ہے کہ ان دنوں سرمایہ کار بھی بانڈز اور شیئرز کے کاروبار کی بجائے تیل کی مصنوعات سے متعلقہ کاروبار میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں جس کی وجہ سے عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں عدم استحکام سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں کو اعتدال پر لانے کیلئے تمام ممالک کو اپنی اپنی سطح پر کردار ادا کرنا ہوگا، ورنہ مستقبل میں عالمی سطح پر تجارتی و اقتصادی مسائل مزید بڑھ جائیں گے۔