مستحکم معیشت کے لئے سیاسی استحکام ضروری ہے:محمداعجاز عباسی
مستحکم معیشت کے لئے سیاسی استحکام ضروری ہے:محمداعجاز عباسی
اردو ٹائمز(نیوز) اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد اعجاز عباسی نے کہا ہے کہ ملک میں سیاسی استحکام نہ ہونے کے باعث ملکی و غیر ملکی سرمایہ کارخود کو غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاری برھانے کے لئے ملک میں امن اور سیاسی استحکام بہت ضروری ہے۔ کراچی سٹاک ایکسچینج میں پچھلے چھ ہفتوں کی نسبت زبردست مندی کا رجحان پایا گیا ہے اور روپے کی ڈالر کے مقابلے میں جس قدر کمی آئی ہے جوکہ سرمایہ کاروں کے لئے پریشان کن صورتحال ہے تیل کی بھاری مقدار میں درآمد اور سٹیٹ بنک آف پاکستان کی واضح ماینٹرنگ پالیسی نہ ہونے کے باعث ایسا ہورہا ہے جوکہ قابلِ ستائش نہیں ہے۔صدر آئی سی سی آئی اعجاز عباسی نے کہا کہ مختلف گیس کمپنیوں نے آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کو ایک سمری بجھوائی ہے جس میں گیس کی قیمتوں میں 35% اضافے کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ تیل درآمدی بل میں حکومت کو چاہئے کہ کمی کرے تاکہ اشیاءکی بڑھتی ہوئی قیمتوں پر قابو پایا جاسکے۔صدر آئی سی سی آئی نے مزید کہا کہ حکومت کو چاہئے کہ وہ اپنے اعلان کردہ سو دن کے پلان کے مطابق ایک واضح پالیسی کا اعلان کریں اور ملک میں سیاسی استحکام ممکن بنائیں کیونکہ سرمایہ کاروں کے اس حوالہ سے تحفظات ہیں۔جون میں بجٹ آنے سے پہلے ہمیں ان مسائل سے نکلنا ہوگا جو ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہیں ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایگزیکٹو کمیٹی سے خطاب میںکیا۔ انہوں نے اس بات کا مطالبہ کیا کہ بجٹ کے آنے تک سرمایہ کاروں کے لئے واضح پالیسی مرتب کی جائے اور اس بات کو بھی یقینی بنایا جائے کہ ملک میں سرمایہ کاری کے لئے محفوظ امکانات موجود ہیں تاکہ بیرونی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے لئے قائل کیا جاسکے۔محمد اعجاز عباسی نے ایگزیکٹو کمیٹی کی میٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے ملکی معیشت کو مضبوط بنیادوں پر استوار کرنے پر زور دیا اور کہا کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں کمی سے نہ صرف ہماری برآمدات سے حاصل ہونے والے زرمبادلہ میں کمی ہوتی ہے۔ بلکی درآمدات ہم قدرے مہنگی خریدتے ہیں جس کا منفی اثر ملکی معیشت پر پڑتا ہے اور سرمایہ کار بھی خود کو ایسے ماحول میں غیر محفوظ محسوس کرتے ہیں۔