اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Sun, 04 May 2008 08:38:00

مالی سال 2007-08کے دوران 10 لاکھ ہیکٹر سے زائد رقبے پر مکئی کاشت کی گئی‘32 لاکھ 37 ہزار ٹن پیداوار حاصل ہوئی

مالی سال 2007-08کے دوران 10 لاکھ ہیکٹر سے زائد رقبے پر مکئی کاشت کی گئی‘32 لاکھ 37 ہزار ٹن پیداوار حاصل ہوئی

اردو ٹائمز(نیوز) پاکستان میں رواں مالی سال 2007-08کے دوران 10 لاکھ ہیکٹر سے زائد رقبے پر مکئی کی فصل کاشت کی گئی جس سے تقریباً 32 لاکھ 37 ہزار ٹن پیداوار حاصل ہوئی‘ وزارت خوراک، زراعت و لائیو سٹاک کے مطابق ان اہداف کی تکمیل کیلئے جامع منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ملکی ضروریات کی تکمیل کیلئے 10 لاکھ 54 ہزار 8 سو ہیکٹر رقبے پر مکئی کاشت کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب میں 5 لاکھ 32 ہزار 250 ہیکٹر رقبے پر کاشت کی گئی اور اس سے مجموعی طور پر 23 لاکھ 26 ہزار 100 ٹن پیداوار حاصل ہوئی۔ اس طرح پنجاب میں مکئی کی فی ہیکٹر پیداوار 4370 کلو گرام رہی۔ سندھ میں 2620 ہیکٹر رقبے پر کاشت کی گئی مکئی کی فصل سے 16 سو ٹن پیداوار حاصل ہوئی اور فی ہیکٹر پیداوار 611 کلوگرام رہی۔ صوبہ سرحد میں 5 لاکھ 14 ہزار ہیکٹر پر مکئی کاشت کی گئی اور اس سے 9 لاکھ 13 ہزار ٹن پیداوار حاصل ہوئی جبکہ فی ہیکٹر پیداوار 1776 کلو گرام رہی۔ بلوچستان میں 6 ہزار ہیکٹر پر کاشت کی گئی مکئی کی فصل سے 7 ہزار ٹن پیداوار حاصل ہوئی اور فی ہیکٹر پیداوار 1167 کلوگرام رہی۔ ذرائع نے بتایا کہ رواں سال مکئی کی کاشت کے رقبے کا ہدف 10 لاکھ ایک ہزار 200 ہیکٹر مقرر کیا گیا تھا تاہم 53 ہزار 670 ہیکٹر اضافی رقبے پر مکئی کاشت کی گئی۔ انہوں نے بتایا کہ مختلف عوامل کے باعث مکئی کی فی ہیکٹر اوسط پیداوار مقررہ اہداف سے 196 کلوگرام کم رہی اور ایک ہیکٹر سے 3079 کلوگرام پیداوار حاصل ہوئی۔ انہوں نے بتایا کہ مکئی ایک اہم غذائی فصل ہے جس سے مختلف اشیائے خوردونوش تیار کی جاتی ہیں اور اسے مویشیوں کے چارے کے علاوہ پولٹری فیڈ کی تیاری میں بھی استعمال کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں مکئی سے خوردنی تیل بھی تیار کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں مکئی دونوں موسموں میں کاشت کی جاتی ہے اور بعض مقامات پر اسے گندم کی متبادل فصل کے طور پر بھی کاشت کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی پیداوار میں اضافہ کیلئے ملک میں مخلوط نسل کے بیج متعارف کرائے گئے ہیں جس سے مکئی کی فی ہیکٹر پیداوار دگنا ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں کامیابی کے بعد مختلف نسل کے بیج سرحد میں بھی کاشت کئے جا رہے ہیں جس سے مکئی کی پیداوار کے اہم علاقہ میں پیداوار میں اضافہ کی توقع ہے۔







  کھیل

 تازہ ترین

 اہم ترین

© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications