اردو ٹائمز- اردو کی تازہ خبریں
مسلسل اشاعت کے 28 سال
Twenty eight years of publication

 Daily Urdu News USA CANADA UK

    

 Urdu Times Daily Urdu News
 
Mon, 05 May 2008 16:12:00

انتخابات کے التوا کی شدید مذمت کرتے ہیں، مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں گے، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن

انتخابات کے التوا کی شدید مذمت کرتے ہیں، مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں گے، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن

اردو ٹائمز (نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ ن کے ضمنی انتخابات کے التواءکی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ یکطرفہ فیصلہ ہے جس کو قبول نہیں کیا جائے گا اور جلد ہی اتحادی جماعتیں الیکشن کمیشن کے اس یکطرفہ اقدام پر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں گی ۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات دو ماہ کےلئے ملتوی کر دئیے ہیں اس حوالے سے پاکستان پیپلز پارٹی کے ترجمان فرحت اللہ بابر نے کہا کہ 18جون کے ضمنی انتخابات کا دو ماہ کےلئے التواءبلا جواز ہے اور الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اس اقدام کی پاکستان پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے شدید مذمت کی ہے اور کہا ہے کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سے ملاقات کریں گے۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ امن و امان کا بہانہ بنا کر یکطرفہ اقدام اٹھایا گیا۔ جس کی ہم شدید مذمت کرتے ہیں۔ فرحت اللہ بابر نے کہا کہ ہم جاننا چاہتے ہیں کہ یہ اقدام کیوں اٹھایا گیا۔ ضمنی انتخابات کو پراسرار طریقے سے دو ماہ کےلئے ملتوی کیا گیا حالانکہ تمام سیاسی جماعتیں ضمنی انتخابات میں حصہ لینے کےلئے تیار تھیں مسلم لیگ ن کے مرکزی ترجمان صدیق الفاروق نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کا یہ اقدام بلا جواز ہے ہم سمجھتے ہیں کہ جان بوجھ کر ضمنی انتخابات ملتوی کئے گئے ہیں مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف اسلام آباد پہنچ گئے ہیں وہ آئے تو کسی اور کام سے تھے مگر اب وہ یہاں قیام کریں گے اور اتحادی جماعت پی پی پی کی قیادت سے ملاقات کریں گے انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ پی پی پی اور مسلم لیگ ن میں مکمل ہم آہنگی ہے اور دونوں جماعتوں کا اتحاد ہے ہم نے مل کر اس ملک کو مشکلات سے نکالنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضمنی انتخابات کو ملتوی کئے جانے کے خلاف پی پی پی اور مسلم لیگ نواز کا متفقہ لائحہ عمل سامنے آئے گا۔ کیونکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ضمنی انتخابات کے التواءکےلئے کسی بھی سیاسی جماعت سے مشورہ نہیں کیا۔

 








© 2008 All Rights Reserved. Urdu Times Group of Publications
sponsors: air purifier