نوویک جوکوچ آسٹریلین اوپن کے فائنل میں
Sat, 01/28/2012 - 00:12 — niyar
ملبورن: دفاعی چمپئن نوویک جوکووچ نے آسٹریلین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے مینز سنگلز ایونٹ کے فائنل کیلئے کوالیفائی کر لیا۔ انہوں نے 5 گھنٹے تک جاری رہنے والے طویل اعصاب شکن مقابلے کے بعد اینڈی مرے کو شکست دی۔ آسٹریلیا میں جاری سال کے پہلے گرینڈ سلام آسٹریلین اوپن میں جمعہ کو کھیلے گئے ایونٹ کے دوسرے سیمی فائنل میں سربین ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوویک جوکووچ کا مقابلہ برطانیہ کے اینڈی مرے سے تھا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سیمی فائنل انتہائی دلچسپ رہا۔ پہلے سیٹ میں جوکووچ نے اینڈی مرے کے خلاف با آسانی 6-3 سے کامیابی حاصل کی۔ اینڈی مرے نے دوسرا سیٹ 6-3 سے جیت کر میچ میں شاندار کم بیک کیا اور تیسرے سیٹ میں بھی جوکووچ کو سخت مقابلے کے بعد ٹائی بریک میں 7-6 سے زیر کیا۔ جوکووچ نے چوتھے اور اہم سیٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا اور حریف کھلاڑی کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 6-1 سے ہرا کر میچ 2-2 سے برابر کر دیا۔ پانچویں اور فیصلہ کن سیٹ میں بھی دونوں کھلاڑیوں کے درمیان سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا تاہم جوکووچ نے آخر دم تک بھرپور کھیل پیش کیا اور اینڈی مرے کو 7-5 سے شکست دے کر ایونٹ کے فائنل تک رسائی حاصل کی۔


Post new comment