ملک میں بارش اور برفباری کا سلسلہ جاری
Sat, 02/04/2012 - 20:47 — farooq
اسلام آباد: ملک کے بیشتر حصوں میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ مری اور گلیات میں گزشتہ روز شروع ہونے والی برفباری کا سلسلہ تھم نہ سکا، ملکہ کوہسار نے ایک بار پھر برف کے آنچل سے اپنا منہ ڈھانپ لیا۔ چترال اور اسکردومیں پڑنے والی برف نے وادی کا حسن دوبالا کر دیا۔ مری اور گلیات میں جمعہ کے روز سے شروع ہونے والا برفباری سلسلہ وقفہ وقفہ سے جاری ہے۔ مری میں اب تک چھ انچ جبکہ گلیا ت میں ایک فٹ برف پڑچکی ہے۔ مری کی مختلف سڑکوں پر پھسلن کے باعث ٹریفک بھی تعطل کا شکار ہے ۔ سیاحوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ منچلے ٹریفک کی بندش کے دوران بھی سڑکوں پر موج مستی کر کے برف باری سے لطف اندوز ہو رہے ہیں۔ سیاحوں کی بڑی تعداد نے معروف تفریحی مقام ملکہ کوہسار مری کا رخ کر لیا ہے۔ سکردو اور گرد و نواح میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری سے وادی کے حسن میں اضافہ ہو گیا ہے۔ سوات میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ہے۔ شمالی وزیرستان اور اورکزئی ایجنسی میں تاحد نگاہ برف ہی برف نظر آ رہی ہے۔


Post new comment