مالی امداد کی بحالی :کالعدم تنظیمیں دوبارہ متحرک
Sat, 02/04/2012 - 02:15 — niyar
کراچی: خفیہ اداروں کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مالی امداد کی بحالی سے کالعدم تنظیمیں متحرک ہوگئیں، کئی تنظیموں نے بینکوں میں نئے ناموں سے اکائونٹس کھول لئے ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق خفیہ اداروں کی جانب سے مرتب کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ پاکستان میں کالعدم تنظیمیں مالی امداد کی بحالی سے دوبارہ متحرک ہوگئی ہیں اور کئی تنظیموں نے بینکوں میں نئے ناموں سے اکائونٹس بھی کھول لئے ہیں، کالعدم تنظیموں کو ملک اور بیرون ملک سے بھی امداد مل رہی ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ایسی تنظیمیں بھی ہیں جو بظاہر سماجی کاموں میں مصروف ہیں۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ کالعدم جیش محمد، تحریک اسلامی نے نئے ناموں سے اکائونٹ کھولے جبکہ کالعدم غازی فورس، حزب التحریر اور جمعیت الفرقان نے دوبارہ اکائونٹس کھول لئے ہیں، کالعدم ملت اسلامیہ پاکستان اور خیر النسا انٹرنیشنل ٹرسٹ بھی اکائونٹ کھولنے والی تنظیموں میں شامل ہیں۔ رپورٹ کے مطابق کالعدم تنظیموں نے ملکی و غیر ملکی کرنسی میں اکائونٹس کھلوا کر استعمال شروع کر دیا ہے، ہنڈی سے پیسے بھجوانے کی حکومتی نگرانی کے باعث کالعدم تنظیموں کی جانب سے بینک اکائونٹس کا طریقہ کار اپنایا گیا۔ غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ کالعدم تنظیموں کے افراد بینکس میں مختلف ناموں سے اکائونٹس کھلوا رہے ہیں۔


Post new comment