اقوام متحدہ عرب لیگ منصوبے کی حمایت کرے، ہیگ
Thu, 02/02/2012 - 07:45 — shahzad
لندن۔ وزیر خارجہ ولیم ہیگ نے اقوام متحدہ سے اپیل کی ہے کہ وہ شام میں بے چینی کے خاتمے اور مسئلے کے پرامن حل کے لئے عرب لیگ کی کوششوں کی حمایت کرے۔ ولیم ہیگ نے یہ اپیل نیویارک میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں خطاب کے دوران کی اور کہا کہ روس کی جانب سے خدشہ ہے کہ وہ بشار الاسد کی معزولی کے لئے قرارداد کو ویٹو کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شام میں انتہائی شدید جرائم کا ارتکاب کیا جا رہا ہے جس کی ذمہ داری شامی حکام پر عائد ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عرب لیگ کے منصوبے پر متفق ہو جانا چاہئے کیونکہ شام میں تشدد کی وجہ سے حالات بگڑتے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 6,000 افراد ہلاک ہوچکے ہیں جن میں 384 بچے بھی شامل ہیں۔ تشدد سے روزانہ ہلاکتیں 30 سے 100 کے درمیان ہیں۔ ملک میں خانہ جنگی اور علاقائی عدم استحکام کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ ہلیری کلنٹن نے زور دیا کہ شام میں لیبیا کی طرح فوجی کارروائی نہ کی جائے۔ روس کے وزیر خارجہ سرجئی لاروف نے کہا کہ روس عرب لیگ کے امن مشن کی رپورٹ سے پہلے کسی قرارداد اور اس پر بحث کی حمایت نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ روس لیبیا جیسی کسی کارروائی کی حمایت نہیں کرے گا۔


Post new comment