اشاعت کے باوقار 30 سال

ڈزنی لینڈ کا افتتاح ہوا

والٹ ڈزنی کے پرانی یادوں، تصورات اور مستقبل کے خوابوں کے شہر ڈزنی لینڈ کا افتتاح 17 جولائی 1955 کو ہوا۔ یہ موضوعاتی پارک اناہائیم، کیلیفورنیا میں 160 ایکڑ رقبہ پر بنایا گیا اور اس پر 17 ملین ڈالر لاگت آئی۔ اب ڈزنی لینڈ میں ہر سال کم و بیش 14 ملین لوگ آتے ہیں اور تقریباً 3 بلین ڈالر یہاں خرچ کر کے جاتے ہیں۔ والٹ ڈزنی 1901 میں شکاگو میں پیدا ہوئے۔ انہوں نے کمرشل آرٹسٹ کے طور پر کام کیا۔ پھر انہوں نے لاس اینجلس میں ایک سٹوڈیو بنا کر متحرک کارٹون فلمیں بنانی شروع کیں۔ 1928 میں مکی ماؤس کے کیرکٹر والی مختصر فلم سٹیم بوٹ ولی نے ملک بھر میں مقبولیت کے جھنڈے گاڑ دئے۔ 1938 میں ان کی فیچر فلم دورانئے کی پہلی فلم Snow White and the Seven Dwarfs ریلیز ہوئی اور بہت کامیاب رہی۔ اس کے بعد انہوں نے بچوں کے لئے اور بھی بہت سی کامیاب فلمیں بنائیں۔ 1950 میں انہوں نے لاس اینجلس کے قریب ایک تفریحی پارک بنا نے کا ارادہ کیا جو نہ صرف بچوں کے لئے بلکہ بڑوں کے لئے بھی تفریح کے ساتھ ساتھ تعلیمی مقاصد کا بھی حامل ہو۔ 1954 میں لاس اینجلس کے جنوب مشرق میں 25 میل کے فاصلے پر اس کی تعمیر شروع ہوئی۔ 17 جولائی 1955 کو ڈزنی لینڈ کے افتتاح کے لئے دعوت نامے بھیجے گئے لیکن بدقسمتی سے ان دعوت ناموں کی نقلیں تیار کر لی گئیں اور مدعوئین سے کہیں زیادہ تعداد میں لوگ اس تقریب میں پہنچ گئے۔ چنانچہ بہت زیادہ بد مزگی ہوئی ۔ کھانے پینے کی چیزیں ختم ہو گئیں اور سارا انتظام درہم برہم ہو گیا۔ تاہم ڈزنی لینڈ اپنی افادیت کی وجہ سے جلد ہی مقبول عام ہو گیا۔ اس میں آئے دن ہوتے رہنے والے اضافوں کی وجہ سے لوگ بار بار یہاں آنا پسند کرتے تھے۔ 1965 میں انہوں نے اورلینڈو ، فلوریڈا کے قریب اس سے بھی وسیع پارک کی تعمیر شروع کی۔ والٹ ڈزنی 1966 میں وفات پاگئے۔ ان کے اعزاز میں یکم اکتوبر 1971 کو والٹ ڈزنی ورلڈ کا افتتاح ہوا۔ 1983 میں ڈزنی لینڈ ٹوکیو ، 1992 میں ڈزنی لینڈ پیرس یا یورو ڈزنی اور اب تک سب سے آخر میں ستمبر 2005 میں ڈزنی لینڈ ہانگ کانگ کا افتتاح ہوا۔

Comments

aimal.nawaz@gmail.com's picture

doing good job

Submitted by [email protected] on Thu, 08/11/2016 - 22:30