اشاعت کے باوقار 30 سال

پہلے ہوائی جہاز کی پرواز

شمالی کیرولینا میں کٹی ہاک کے نزدیک آج کے دن 1903 میں اورول اور ولبر رائیٹ نے اپنے بنائے ہوئے ہوا سے وزنی ہوائی جہاز کو اڑانے کا مظاہرہ کیا۔ اورول اور ولبر سائیکلوں کی فروخت اور مرمت کا کام کرتے تھے مگر ان کو فضا میں اڑنے کا جنون تھا۔ پے در پے تجربات کے بعد وہ اڑنے کے قابل ایک جہاز بنانے میں کامیاب ہو گئے۔ 14 دسمبر 1903 کو اورول نے جہاز کو اڑانے کی کوشش کی مگر ٹیک آف کے وقت اس کا انجن بند ہو گیا اور جہاز کو نقصان پہنچا۔ اورول اور ولبر نے اس کی مرمت کی اور 17 دسمبر 1903 کو ایک بار پھر پرواز کے لئے تیار ہو گئے۔ پانچ تماشائیوں کی موجودگی میں اورول نے جہاز کو مونو ریل پر دوڑایا اور پھر فضا میں بلند ہو گیا۔ جہاز 12 سیکنڈ تک فضا میں رہا اور اس نے 120 فٹ فاصلہ طے کیا۔ ولبر اور ا ور ول نے باری باری تین اور پروازیں کیں آخری مرتبہ ولبر نے 59 سیکنڈ تک فضا میں رہ کر 852 فٹ فاصلہ طے کیا۔ 1905 میں جہاز کی ساخت میں مختلف ترمیموں اور اضافوں کے بعد وہ 39 منٹ تک پرواز کرنے کے قابل ہو گئے۔ 1908 میں دونوں بھائی فرانس گئے اور وہاں جہاز اڑانے کا مظاہرہ کیا۔ 1909 میں امریکی فوج نے ان سے خصوصی طور پر تیار کیا گیا طیارہ خرید لیا۔ اس کے بعد دونوں بھائیوں نے جہاز بنانے اور بیچنے کے لئے رائیٹ کمپنی کے نام سے ایک کمپنی بنا لی۔ 1912 میں ولبر ٹائیفائیڈ میں مبتلا رہ کر چل بسا مگر اورول 1948 تک زندہ رہا۔ رائیٹ برادرز نے جس جہاز میں 1903 میں پہلی تاریخی پرواز کی تھی آج بھی واشنگٹن میں نیشنل ایر اینڈ سپیس میوزیم میں نمائش کے لئے محفوظ ہے۔